گرین ہل میں پہلے فوجی چھاؤنی ہوا کرتی تھی، بعد اسے سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے سیاحتی اور پر فضا شہر ابہا کی نمایاں تفریح گاہ گرین ہل کو سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ابہا میں سیر و سیاحت کے لیے جانے والوں نے گرین ہل کے داخلی دروازے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ داخلی دروازے کے سامنے رکاوٹیں کھڑے کردی گئیں جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار وہاں تعینات ہے۔
مقامی نیوز ویب سائٹ سبق کے مطابق سیاحوں کا کہنا ہے کہ گرین ہل جیسے اہم اور شہر کے نمایاں مقام کو اطلاع اور وضاحت کے بغیر بند کر دینا نا قابل فہم ہے۔
سیاحوں نے بتایا ہے کہ ’گرین ہل آنے والوں کے لیے کہیں کوئی بورڈ بھی نصب نہیں جس میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہو کہ یہ آخر کب تک بند رہے گا۔‘
گرین ہل بند کرنے پر میونسپلٹی کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں ہوا نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اسے کیوں بند کر دیا گیا ہے۔
گرین ہل کیا ہے؟
گرین ہل سعودی عرب کے سیاحتی شہر ابہا میں واقع ہے۔ یہ نہ صرف سعودی عرب بلکہ خلیجی ممالک کے شہریوں کا سیاحتی مرکز ہے جہاں ہر گرمی کے موسم میں سیاحتی میلہ لگتا ہے۔
ابہا شہر سروات پہاڑی سلسلے میں سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ یہ سطح سمندر سے 2200 میٹر بلندی پر واقع ہونے کی وجہ سے زردی مائل رہتا ہے۔ یہاں سال کے بیشتر دنوں میں بارش ہوتی ہے۔
ابہا شہر کے مرکز میں گرین ہل واقع ہے جہاں بلندی پر چڑھنے کے بعد پورا شہر نظر آتا ہے۔ پہاڑ ہر وقت بادلوں سے لپٹا رہتا ہے اوراکثر یہاں دھند رہتی ہے۔
چوٹی میں متعدد ریستوران، کیفے، جھولے اور تحائف کی چھوٹی دکانیں ہیں۔
سعودی عرب میں گرین ہل ہنی مون منانے والوں کا خصوصی مرکز ہے۔ اکثر شادی شدہ جوڑے ابہا میں ہنی مون کے لیے آتے ہیں۔
فوجی چھاؤنی:
گرین ہل میں کسی زمانے میں فوجی چھاؤنی ہوا کرتی تھی۔ اس کے قریب عوام کا جانا منع تھا۔ بعد ازاں آبادی بڑھنے کی وجہ سے یہاں سے فوجی چھاؤنی کو منتقل کردیا گیا اور اس کی جگہ وائر لیس سسٹم نصب ہوا۔
جب ابہا سیاحتی شہر کے طور پر متعارف ہوا تو گرین ہل کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کر دیا گیا۔