Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کھجور کی کتنی اقسام ہیں؟

سعودی عرب کی کھجور دنیا بھر میں غذائیت اور طاقت بخش خاصیت کی وجہ سے پہچانی اور مانی جاتی ہے۔ کھجور کو عربی زبان میں تمر کہا جاتا ہے۔ مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا میں کھجور کی پیداوار اور اس کے استعمال کی تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے۔

سعودی عرب سے بہت سے ممالک میں کھجور درآمد کی جاتی ہے۔ فوٹو:اردونیوز

سعودی عرب میں لاتعداد اقسام کی کھجوروں کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مصر اورخلیج فارس کے ساتھ سعودی عرب کی کھجوریں درآمد کرنے والے چند بڑے ممالک ہیں۔ یہاں سے بہت سے ممالک میں کھجور درآمد کی جاتی ہے۔
رمضان میں افطار کا اہم جزو کھجور ہے اس لیے ہر سال اس مہینے سے قبل سعودی عرب سے ہزاروں ٹن کھجوریں اخوت اور اظہار محبت کے طور پر دیگر مسلم ممالک میں تحفے کے طور پر بھجوائی جاتی ہیں۔ ریاض، ہفوف، القصیم، مدینہ منورہ، بریدہ اور سعودی عرب کے دیگر کئی علاقوں میں کئی اقسام کی کھجوریں موجود ہیں۔ ریاض، القصیم اور جدہ میں اسے خوبصورت انداز میں پیک کرنے کے پلانٹ موجود ہیں۔

کھجور مارکیٹ سے درجہ اول 60 تا 80 ریال  فی کلو میں مل سکتی ہے۔ فوٹو:اردونیوز

دنیا بھر کی سب سے اعلیٰ کھجور عجوہ کہلاتی ہے، مدینہ منورہ اور اس کے مضافات میں سینکڑوں سال سے اس کھجور کے بہت سے باغات ہیں، یہ باغات دور جدید میں ان گنت تعداد میں موجود ہیں۔ کھجور کی فصل تیار ہونے کے بعد نزدیکی شہروں کی مارکیٹ میں لائی جاتی ہے۔

سب سے اعلی کھجور عجوہ کہلاتی ہے۔ فوٹو: اردو نیوز

جدہ کی کھجور مارکیٹ سعودی عرب کی بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے، یہاں پر ملک بھر سے کھجور فروخت کے لیے لائی جاتی ہے۔عجوہ کھجور کے بعد چند مشہور اقسام میں عنبرہ، مبروم، سویدا، صفاوی، خلاص، جبیلی، شقری، رشودیہ، خصاب، ربیعہ، صفری، غر، حلیہ، خضری، مسکانی، شلابی اور مکتومی کے علاوہ بہت سی دیگر اقسام ہیں۔ یہ تمام اقسام جدہ کی کھجور مارکیٹ میں موجود ہیں۔ 
عجوہ کھجور میں دو اقسام مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ مدینہ منورہ کی کھجور مارکیٹ سے درجہ اول 60 تا 80 ریال کلو جبکہ درجہ دوم 40 تا 60 ریال فی کلو میں مل سکتی ہے۔ اسی طرح عنبرہ فی کلو 40 تا 50 ریال فی کلو جبکہ مبروم اور صفاوی اقسام کی کھجوریں 20 تا 30 ریال کلو میں فروخت ہوتی ہیں۔ حجاج یا عمرہ پر آنے والوں کا زیادہ تر رحجان انہی اقسام کی طرف ہوتا ہے۔ یہ اقسام انتہائی لذیذ اور صحت بخش ہیں۔ کئی ماہ تک ان کی ہیت اور ذائقے میں فرق نہیں آتا۔

کھجور کی فصل تیار ہونے کے بعد نزدیکی شہروں کی مارکیٹ میں لائی جاتی ہے ۔ فوٹو ۔اردونیوز

روتانہ، ربیعہ اور خضری اقسام کی کھجوریں بھی نہایت لذیذ ہوتی ہیں اور مارکیٹ میں عام طور پر 30 تا 40 ریال کلو میں دستیاب ہیں۔ یہ کھجوریں پلاسٹک کے ڈبوں میں بند ہوتی ہیں اور تادیر استعمال کرنے کے لیے فریج میں رکھنا ضروری ہیں ورنہ ان کا ذائقہ اور حجم تبدیل ہو جاتا ہے۔ انہی اقسام کی کھجوریں اگر بڑے مالز یا دیگر جگہوں سے خریدیں گے تو علاقے اور پیکنگ میں واضح فرق کے باعث اس کے نرخ میں کچھ تبدیلی آ جاتی ہے۔
جدہ کی مارکیٹ، سبزی منڈی سے ملحق کھجور منڈی میں عجوہ سمیت ہر قسم کی کھجور ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے البتہ ایک کارٹن سے کم مقدار مارکیٹ میں فروخت نہیں کی جاتی، دیگر شہروں کے دکانداریہاں سے خرید کر اپنے علاقوں میں لے جاتے ہیں۔

 روتانہ، ربیعہ اور خضری اقسام کی کھجوریں بھی نہایت لذیذ ہوتی ہیں۔ فوٹو: اردو نیوز

حج و عمرہ پر آنے والے افراد جدہ کی کھجور مارکیٹ (کھجورمنڈی) میں خریداری کرتے نظر آتے ہیں جو تحفے کے طور پر کھجور خریدنا اعزاز سمجھتے ہیں۔ جدہ کی مارکیٹ میں سستی کھجوریں بھی دستیاب ہیں، کم سے کم 5 ریال میں کھجور کا ایک کارٹن بھی مل جاتا ہے۔ کارٹن کا کم از کم وزن تقریبا دو کلو ہوتا ہے جبکہ دیگر اقسام کی کھجوریں بیس کلو تک کے کارٹن میں بھی دستیاب ہیں۔ 
کھجور مارکیٹ کے اردگرد کنٹینرز کھڑے کیے جاتے ہیں ان کنٹینرزمیں ملک بھر کے کھجور باغات یا نزدیکی کولڈ سٹور سے یہاں لائی جاتی ہے۔ اقسام کے لحاظ سے یہاں کھجور کی قیمت 500 ریال فی کارٹن تک موجود ہے۔
 

شیئر: