Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھوٹے اداروں کے لیے خصوصی ویزوں کا اجرا

سعودائزیشن کی پابندی کے بغیر ویزے جاری کیے جائیں گے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی وزیر محنت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے نئے اور چھوٹے اداروں کے لیے سپیشل ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چھوٹے اداروں کو سعودائزیشن کی پابندی کے بغیر ویزے جاری کئے جائیں گے۔ ویزوں کو تاسیسی ویزوں کا نام دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الراجحی نے بتایا کہ ’آئندہ ماہ سے تاسیسی ویزے ’قوی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جاسکیں گے۔‘

آئندہ ماہ سے ویزے ’قوی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جاسکیں گےفائل فوٹو

سبق ویب سائٹ کے مطابق الراجحی نے حائل ریجن میں سرمایہ کاروں سے خطاب کے دوران واضح کیا کہ چھوٹے اور نئے اداروں کو اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کے لیے بارہ ماہ کی مہلت دی جائے گی۔
اس دوران ان سے یہ مطالبہ نہیں کیا جائے گا کہ وہ کوئی سعودی ملازم رکھیں۔ تاہم آگے چل کر ادارے کو نطاق کے پروگرام میں شامل ہونا ہوگا اور یہ کام سعودی ملازم رکھے بغیر ممکن نہیں ہو گا۔
پروگرام میں لیبر مارکیٹ کے حوالے سے سرمایہ کار خواتین و حضرات کو درپیش چیلنجوں اور نمایاں ترین مسائل پر کھل کر بحث ہوئی۔
 الراجحی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ نجی اداروں کی مدد کے لیے 33 فارمولے تیار کیے جا رہے ہیں۔ صحت اور زراعت سے متعلق کئی فارمولوں پر دستخط کردیے۔ ان کی بدولت نجی اداروں میں 55 ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں ملیں گی۔

نجی اداروں کی مدد کے لیے33 فارمولے تیار کیے جارہے ہیں۔ فائل فوٹو

وزیر محنت کے مطابق سعودی عرب میں ایک ہزار ریکروٹنگ ایجنسیاں اور 35 ریکروٹنگ کمپنیاں کام کررہی ہیں۔
’وزارت نے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ’قوی‘ پلیٹ فارم جاری کیا ہے۔ اس سے 120خدمات مہیا کی جائیں گی جس میں سے 70موثر کردی گئی ہیں۔ باقی ماندہ آئندہ پانچ ماہ کے دوران مہیا ہوں گی۔‘
 وزیر محنت انجینیئر احمد الراجحی نے اس موقع پر سرمایہ کاروں کے سوالات کے جواب بھی دیے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: