Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی ویزوں پر مسافروں کی آمد شروع

سعودی عرب نے 49ممالک کو سیاحت کے ویزے جاری کرنا شروع کردیئے ہیں ۔(فوٹو: سعودی پریس ایجنسی)
سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں پر مسافروں کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر چین سے جبکہ دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سپین سے سیاحوں کی آمد ہوئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق دمام کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ آج اتوار کو سپین سے آنے والے مسافر کا استقبال کیا گیا۔ یہ ایئر پورٹ پر سیاحتی ویزے پر آنے والا پہلا مسافر ہے۔
ہسپانوی مسافر کو ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد سیاحتی ویزہ جاری کیا گیا۔

دمام ایئرپورٹ پر اسپین کے مسافر کو ویزہ جاری کیا گیا۔(فوٹو: سعودی پریس ایجنسی)

ایئر پورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ہمیں انتہائی خوشی ہے کہ آج ہم نے سیاحتی ویزے پر آنے والے پہلے مسافر کا استقبال کیا اور مسافر کو ریکارڈ وقت میں ویزہ جاری کیا گیا۔‘
اسی طرح ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دبئی سے آنے والے چینی شہری کو سیاحتی ویزہ جاری کیا گیا۔
دریں اثناء محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ مملکت آنے والے سیاحوں کو آن لائن ویزہ حاصل کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے۔ وہ چاہیں تو ایئر پورٹ پہنچ کر خود کار سسٹم کے ذریعے ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ دوسرا طریقہ آئی پیڈ یا موبائل کے ذریعے ہے جہاں کوائف کا اندراج کرانے کے بعد ویزہ حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ تیسرا طریقہ محکمہ پاسپورٹ کے کاﺅنٹرز ہیں جہاں انتہائی آسانی کے ساتھ ویزے کا حصول ممکن ہے۔ 

 سیاحت کے لیے مملکت آنے والوں کو ایئرپورٹ سے بھی ویزہ جاری کیا جارہا ہے۔(فوٹو: سعودی پریس ایجنسی)

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 49 ممالک کو ہفتے 28 ستمبر سے سیاحتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزوں پر آنے والے ریاض، جدہ، دمام، مدینہ منورہ اور العلا کے انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر پہنچ کر ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: