Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مولانا خالی ہاتھ آئے اور خالی ہاتھ ہی گئے‘

ڈاکٹر فروس عاشق اعوان اس سے پہلے بھی مولانا فضل الرحمان ہر تنقید کرتی رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیر اعظم کی معاون برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جس طرح آپ خالی ہاتھ اسلام آباد آئے تھے، ویسے ہی خالی ہاتھ واپس لوٹے۔ آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں لیکن آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے۔‘
بدھ کو ٹوئٹر پر پے در پے ٹویٹ کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید لکھا کہ قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا۔
’عوام نے آپ کو مسترد کر کے ثابت کیا کہ وہ انتہاپسندی کے ساتھ نہیں، عوام نے آپ کے سارے پلان چوپٹ کر دیے اور آپ کو پلان ’ایگزٹ‘ کا سہارا لینا پڑا۔‘ 
انہوں نے مزید لکھا کہ ’روڈ بلاک‘ پلان بھی عوام نے مسترد کر دیا، مولانا جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر کے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں، حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں، مولانا لشکر کشی اور غیر سیاسی ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
’ہم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری طرز عمل اختیار کیا، آپ کے احتجاج کے حق کو تسلیم کیا۔ عمران خان کے دھرنے کے خلاف آپ کی نفرت انگیزی اور دھمکیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ یہ وہی پارلیمان ہے جس میں آپ کے فرزند آپ کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ ان کی تنخواہ اور مراعات حلال اور جائز ہیں؟
انہوں نے ایک الگ ٹویٹ میں لکھا کہ عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ہارے ہیں۔
خیال رہے اسلام آباد میں دو ہفتے تک دھرنا دینے کے بعد جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پلان بی کا اعلان کرتے ہوئے واپس چلے گئے تھے اور بدھ کو بنوں میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ویسے ہی اسلام آباد نہیں گئے تھے اور نہ ایسے ہی واپس آئے۔

شیئر: