Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکران، نیوی اہلکاروں سمیت نو افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے  پر سڑک حادثے میں پاکستان بحریہ کے اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔
لیویز حکام کے مطابق حادثہ کراچی سے تقریباً 270 کلومیٹر دور بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی حدود میں مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا جہاں اورماڑہ سے کراچی کی طرف جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں جا گری۔ 

حادثے کے شکار افراد کراچی جارہے تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ جمیل بلوچ کے مطابق بس میں سوار تمام 38 افراد پاک بحریہ کے اہلکار اور ان کے اہلخانہ تھے جو چھٹیاں ملنے کے بعد گوادر کے علاقے اورماڑہ میں قائم بحریہ کے اڈے سے کراچی جارہے تھے۔ 
جمیل بلوچ نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، پاک بحریہ ، کوسٹ گارڈ ،ضلعی انتظامیہ اور لیویز فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اورماڑہ میں قائم بحریہ کے درمان جاہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اورماڑہ میں موجود کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔ 

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد ان کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی جائیں گی۔
650 کلومیٹر طویل مکران کوسٹل ہائی وے کراچی کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے ملاتی ہے۔ اورماڑہ اور بیلہ کے درمیان بزی ٹاپ کے خطرناک موڑ پر اس سے قبل بھی کئی ہولناک حادثات پیش آچکے ہیں۔

شیئر: