سعودی آرامکو اور ابوظہبی کی قومی تیل کی کمپنی ادنوک انڈیا میں 70ارب ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنری قائم کریں گی۔ دونوں ملکوں کی کمپنیوں نے سٹراٹیجک شراکت کا معاہدہ کرلیا۔ یہ آئل ریفائنری روزانہ 12 لاکھ بیرل خام تیل صاف کیا کرے گی۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ہندوستان کے مغربی صوبے مہاراشٹر میں پیٹرو کیمیکل کا نیا کمپلیکس قائم کریں گے۔ اس پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ 70ارب ڈالر کا ہے۔
سعودی عرب اس آئل ریفائنری کو روزانہ 60لاکھ بیرل خام تیل فراہم کیا کرے گا جبکہ متحدہ عرب امارات بھی اتنا ہی پیٹرول آئل ریفائنری کو مہیا کرے گا۔
اس آئل ریفائنری کا مقصد انڈیا کی پیٹرو کیمیکل اور آئل ریفائنری کی مارکیٹ میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خام تیل کی سپلائی کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جدید طرز کی آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس منصوبے میں شریک بن گئے ہیں۔ دونوں کی شراکت کثیر المقاصد ہے۔
اس منصوبے کی بدولت جدید ترین بین الاقوامی معیار پر پیٹرول کی پیداوار اورطیاروں کا فیول اور ڈیزل فراہم ہوگا۔ علاوہ ازیں انڈیا کی مقامی مارکیٹ میں پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی ترویج بھی اس کا بڑا ہدف ہے۔ انڈیا کی ضرورت سے زائد پیٹرول اور پیٹروکیمیکل مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹوں کو برآمد کی جائیں گی۔
آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس ممبئی سے تقریباً سو کلو میٹر کے فاصلے پر انڈیا کے مغربی صوبے مہاراشٹر میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انڈین وزیر پیٹرولیم نے ستمبر میں خیال ظاہر کیا تھا کہ آئل ریفائنری پر 45 ارب ڈالر سے زیادہ کی لاگت آئے گی۔