مکہ میں غیر ملکی قیدیوں کے لیے ویڈیو کالنگ کی سہولت
مکہ میں غیر ملکی قیدیوں کے لیے ویڈیو کالنگ کی سہولت
جمعہ 29 نومبر 2019 12:29
وڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد مقدمات کو جلد از جلد نمٹانا ہے (فوٹو: عکاظ اخبار)
مکہ ریجن کی جیل ’الشمیسی‘ میں غیر ملکی قیدیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے وڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی۔ اس ضمن میں وزارت عدل کی جانب سے کہا گیا تھا کہ قیدیوں کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
عربی روزنامے مکہ کے مطابق ’فوری سماعت کی فوجداری عدالت‘ کے نگران عام کے معاون خصوصی جج عبدالملک السنان نے ریجن میں قائم تمام جیلوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ قیدیوں کے مقدمات کی تیزی سے سماعت کی جائے۔
اس ضمن میں جدہ، مکہ شاہراہ پر قائم ’الشمیسی ڈیپوٹیشن سنٹر‘ جہاں عام طور پر اقامہ اور وزارت محنت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی قیدیوں کو رکھا جاتا ہے میں وڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے تاکہ قیدیوں کے مقدمات کی جلد اور بہتر انداز میں سماعت ممکن بنائی جا سکے۔
شمیسی سنٹر میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکیوں کو رکھا جاتا ہے (فوٹو: سبق نیوز)
دریں اثنا الوطن اخبار کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ریاض کے ڈیپوٹیشن سنٹر میں بھی وڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
وزارت عدل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر جیلوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزارت کا مقصد مقدمات کی جلد از جلد سماعت کرنا ہے تاکہ قیدیوں کے معاملات بہتر انداز میں نمٹائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ جدہ سے 45 کلو میٹر دور بہت وسیع رقبے پر ڈیپوٹیشن سنٹر بنایا گیا ہے جہاں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کو رکھا جاتا ہے۔
الشمیسی سنٹر میں اقامہ اور محنت کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو لانے کے بعد ان کی تفصیلات متعلقہ اداروں کو فراہم کی جاتی ہیں۔
ایسے قیدی جن پر کسی قسم کا مقدمہ نہیں ہوتا انہیں ملک بدر کرد یا جاتا ہے جبکہ وہ افراد جو قانون کو مطلوب ہوتے ہیں انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جاتا ہے جہاں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے۔
اس قید خانے میں مختلف سرکاری ادارے جن میں وزارت داخلہ، گورنریٹ، پولیس محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے علاوہ مختلف ممالک کے سفارتی اہلکاروں کے لیے بھی دفتر بنائے گئے ہیں۔
سفارتی اہلکار اپنے ملک کے قیدیوں سے ملاقات کر کے ان کے لیے سفری دستاویزات کی تیار کرانے کے علاوہ انہیں درکار قانونی مشاورت بھی مہیا کرتے ہیں۔