اعصام الحق نے آئی ٹی ایف اور آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا، فوٹو: اے ایف پی
ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون گروپ ون کی ٹائی میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
قازقستان کے دارالحکومت نُور سلطان میں کھیلے گئے انفرادی مقابلے میں انڈیا کے رام کمار راما ناتھن نے پاکستان کے محمد شعیب کو صرف 42 منٹ کے یک طرفہ مقابلے کے بعد 0-6 اور 0-6 سے ہرا دیا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دوسرے انفرادی مقابلے میں انڈیا کے نگال نے پاکستان کے حذیفہ رحمان کے خلاف باآسانی 0-6 اور 2-6 سے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان نے اسلام آباد میں کرنا تھی تاہم انڈیا نے سکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر پاکستان میں یہ ٹائی کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
انڈیا کے انکار کے بعد بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے ڈیوس کپ ٹائی کا وینیو پاکستان سے منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان سے نیوٹرل وینیو منتخب کرنے کو کہا۔
یہ ڈیوس کپ ٹائی پہلے 15-14 ستمبر کو پاکستان میں کھیلی جانا تھی تاہم انڈیا کی جانب سے پانچ اگست کو کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سخت کشیدگی پیدا ہو گئی اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی محدود کر دیے۔
اس کے بعد ڈیوس کپ ٹائی اسلام آباد سے قازقستان کے دارالحکومت نُور سلطان میں نومبر کے لیے منتقل ہو گئی۔
ڈیوس کپ ٹائی کے دونوں ممالک کے درمیان پانچ میچز کھیلے جانا ہیں جن میں انڈیا کو 0-2 سے سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ انڈیا کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان کے ٹاپ کھلاڑی اعصام الحق اورعقیل خان بطور احتجاج نہیں کھیل رہے۔
دونوں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں محمد شعیب، حذیفہ رحمان اور یوسف خلیل کو پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔