سندھ کے ضلع دادو میں کم سِن بچی کو مبینہ طور پر سنگسار کیے جانے کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی کا کہنا ہے کہ کارو کاری کے نام پر بچی کے قتل کے شواہد نہیں ملے، جبکہ پی ٹی آئی رہنما سردار یار محمد رند کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا بچی کی موت حادثاتی تھی۔
پیر کو پولیس نے تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے نعش کی میڈیکل ایگزامینیشن اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے قبر کشائی کی اجازت حاصل کر لی ہے۔
سنیچر کو دادو کے واہی پندھی تھانے میں پولیس کی مدعیت میں 10 سالہ لڑکی کے غیرت کے نام پر مبینہ قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد مقتولہ کے والدین اور جنازہ پڑھوانے والے مولوی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق 21 نومبر کو مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رند قبیلے کی کم سن بچی گل سماں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا اور بعد ازاں اس کی نعش کو قریبی پہاڑی کے دامن میں دفنا دیا گیا۔
واقعے کی خبر چلنے کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے یہ الزام عائد کیا جا رہا تھا کہ رند قبیلے کے مبینہ جرگے کی سربراہی وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند کے بیٹے بیبرک رند نے کی تھی۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے بیبرک رند سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات سراسر بے بنیاد ہیں اور نہ تو وہ ان دنوں میں وہاں موجود تھے اور نہ ہی ایسا کوئی واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بچی کی حادثاتی موت کے واقعے کو بنیاد بنا کر ان کے خلاف سازشی مہم چلائی جا رہی ہے جس کی پشت پناہی رکن قومی اسمبلی رفیق جمالی اور سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
غیرت کے نام پر بیٹی کا قتلNode ID: 387171
-
لاہور میں برطانوی شہری کے ’غیرت کے نام پر قتل‘ کی تحقیقاتNode ID: 412086
-
بلوچستان میں 52 افراد غیرت کے نام پر قتلNode ID: 445041
پی ٹی آئی رہنما کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ روایات کے مطابق اگر کسی کو جرگے میں کارو کاری قرار دیا جائے تو اس کا جنازہ نہیں پڑھایا جاتا نہ ہی کفن دفن کیا جاتا ہے۔
’بلوچ روایات میں کارو کاری قرار دیے گئے افراد کا جنازہ نہیں پڑھایا جاتا۔‘
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے خلاف پی ٹی آئی کو 25 ہزار ووٹ ملے جس میں سے نو ہزار ووٹ رند قبیلے کے تھے، جس کی پاداش میں پیپلز پارٹی رند قبیلے کے افراد کے خلاف انتقامی کاروائی کر رہی ہے۔
بیبرک رند کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کے مطابق جس دن یہ واقعہ پیش آیا اس دن ان کے بھتیجے کی سالگرہ تھی اور وہ بلوچستان میں تھے، اس موقع کی تصاویر اور وڈیوز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بچی کی قبر کشائی کر کے نعش کی بے حرمتی کی جائے گی تاہم اگر اس سے انصاف کی راہ ہموار ہوتی ہے تو وہ اس میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ بچی کے والد کے بیان کے مطابق بچی پہاڑی جگہ سے گرنے کے بعد پتھر لگنے کی وجہ سے ـان سے گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس جرگہ سے متعلق کوئی شواہد ہیں ہے تو وہ حکومت سندھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ قبر کشائی سے متعلق عدالت کے احکامات کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس نے علاقے کے سیشن جج کو میڈیکل افسر اور عدالت کا متعلقہ عملہ تعنیات کرنے کے لیے درخواست کر دی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیچ کی پہاڑی سرحد کے قریب واقع گاؤں میں سنگسار ہونے والی گل سماں کے قتل اور قبر کی نشاندھی اس کا جنازہ پڑھانے والے مولوی ممتاز لغاری نے کی جس کے بعد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کی اور نامزد افراد کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد علی بخش رند، والدہ لیلی رند، ممتاز لغاری اور تاج محمد رستمانی شامل ہیں۔ لڑکی کا جنازہ پڑھانے والے مولوی کو جرم کی پشت پناہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں