Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کے لیے بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ

وزیراعظم عمران خان کو دورہ بحرین کے دوران اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا، فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم پاکستان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس‘ سے نوازا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ کے درمیان بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں انہیں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زُلفی بخاری نے ’عرب نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’وزیراعظم کو دورہ بحرین کے دوران ایک خصوصی تقریب کے دوران ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس‘ دیا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ رواں سال 25 اگست کو انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو بھی امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے ’کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس‘ کا اعزاز دیا گیا تھا۔ 

 

دورہ بحرین کے دوران وزیراعظم عمران خان امیر بحرین حماد بن عیسٰی بن سلمان اور اپنے ہم منصب خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے میں بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان تین ملکی دورے پر 15 دسمبر کو بحرین روانہ ہوں گے جہاں سے وہ سوئٹزرلینڈ جائیں گے۔ وہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جینوا میں مہاجرین کے بارے میں عالمی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے دورے کی دعوت وزیراعظم خلیفہ بن سلمان الخلیفہ نے دی ہے، فوٹو: ٹوئٹر

سوئٹزرلینڈ کے بعد وزیراعظم اپنے دورے کے آخری مرحلے میں ملائیشیا پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈز لیفٹینٹ جنرل شیخ محمد بن عیسٰی بن سلمان الخلیفہ نے وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کی طرف سے بحرین کے دورے کی دعوت دی تھی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں