Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں سال نو پر نو ہزار درہم میں ڈنر

 دبئی کے بعض ریستورانوں نے خصوصی آفرز رکھی ہیں۔فوٹو: ٹوئٹر
 دبئی میں نئے سال 2020 کی تقریبات کے لیے ہوٹلوں میں بکنگ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ بکنگ کے نرخ 400 فیصد سے زیادہ بڑھا دیے گئے۔
خصوصاً ان مقامات پر ہوٹلوں کے نرخ ہوشربا حد تک بڑھ گئے جہاں سے آتشبازی اور دبئی کے منفرد مقامات کے مناظر قریب سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ بیشتر ہوٹل سو فیصد تک بک ہوچکے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق جمیرا ساحل پر واقع ہوٹل کے وی آئی پی ریستوران میں فی کس ڈنر کے نرخ نو ہزار درہم ہیں۔ نخلتہ جمیرا میں ڈنر آفر 1200 سے 3300 درہم کے درمیان ہے۔

نخلتہ جمیرا میں ڈنر آفر 1200 سے 3300 درہم کے درمیان ہے۔فوٹو: ٹوئٹر

شعبہ سیاحت کے مدیران کا کہناہے کہ دبئی کے بیشتر ہوٹلوں نے نئے سال کی تقریبات کی تیاری پہلے سے شروع کردی تھی۔ بکنگ کا آغاز کردیا گیا تھا۔
 ریستورانوں کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ہے۔ اماراتی باشندے اور مقیم غیر ملکی بھی نئے سال کی تقریبات ہوٹلوں میں منانے کے عادی ہوچکے ہیں۔
 دبئی میں تفریحی سرگرمیاں اور تقریبات کا لطف اٹھانے کے لیے لوگ دل کھول کر خرچ کرتے ہیں۔ 

خلیفہ ٹاور کے منفرد مناظر کے قریب ریستورانوں کے نرخ فی کس چار ہزار درہم تک پہنچے ہوئے ہیں۔فوٹو: ٹوئٹر

 دبئی کے بعض ریستورانوں نے 12 برس سے کم عمر کے بچوں کے لیے خصوصی آفرز رکھ ہیں۔ کئی نے سات افراد پر مشتمل گروپ کے الگ سے پیکیج جاری کیے ہیں۔ 
بعض ہوٹلوں نے ایک رات ہوٹل میں گزارنے کے لیے مکمل پیکیج پیش کیا ہے۔کھانوں کے حوالے سے پیکیج مختلف ہیں۔

بیشتر ہوٹلوں نے نئے سال کی تقریبات کی تیاری پہلے سے شروع کردی تھی۔فوٹو: ٹوئٹر

ڈاﺅن ٹاﺅن میں فائیو سٹار ہوٹلوں کے ریستورانوں اور خلیفہ ٹاور کے منفرد مناظر کے قریب ریستورانوں کے نرخ فی کس چار ہزار درہم تک پہنچے ہوئے ہیں۔
 بکنگ رات آٹھ بجے سے لے کر صبح تین بجے تک کی ہے، دیگر ریستورانوں کے نرخ گروپ بکنگ کے حوالے سے 700 درہم تک ہیں۔

شیئر: