محکمہ پاسپورٹ سے کوئی سہولت حاصل نہیں کرسکیں گے۔فوٹو: المدینہ
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے انتباہ کیا ہے کہ ایسے تارکین وطن جنہوں نے اپنے اور اہل و عیال کے فنگر پرنٹس ابھی تک نہیں کرائے وہ فنگر پرنٹس کرالیں بصورت دیگر کمپیوٹر میں ان کا ریکارڈ بلاک کردیا جائے گا۔ محکمہ پاسپورٹ سے کوئی سہولت حاصل نہیں کرسکیں گے ۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اس سے قبل کئی مرتبہ تارکین وطن کو ہدایت کرچکا ہے کہ پہلی فرصت میں اپنے او راہل و عیال کے فنگر پرنٹس کا ریکارڈ جمع کرائیں۔ اس کے بغیرتو اقامے کی تجدید ہوگی اور نہ خرو ج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ویزا) مل سکے گا۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق بیشتر تارکین وطن اپنا اور اہل خانہ کے فنگر پرنٹس جمع کراچکے ہیں تاہم بڑی تعداد میں ایسے لوگ اب بھی ہیں جنہوں نے اپنے اور اہل خانہ کے فنگر پرنٹس جمع نہیں کرائے۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا کہ مملکت کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں تارکین وطن کے فنگر پرنٹس لینے کے لیے جدید مشینیں اور تربیت یافتہ عملہ مہیا کردیا گیا ہے۔ انہیں کسی قسم کی زحمت نہیں ہوگی ۔ تمام کام آسانی سے ہو جائے گا۔
محکمہ پاسپورٹ نے مزید کہا کہ جو لوگ فنگر پرنٹس ریکارڈ کرنے والے دفاتر کی تفصیلات حاصل کرنا چاہتے ہوں یا اس حوالے سے ان کے ذہنوں میں کوئی سوال ہو یا وہ کوئی رائے دینا چاہتے ہوں تو وہ ویب سائٹ www.gdp.gov.sa یا ای میل gdp.gov.sa@992 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔