اونٹوں کی سجاوٹ میں سعودی خواتین نے کیا نیا پن پیدا کیا؟
اونٹوں کی سجاوٹ میں سعودی خواتین نے کیا نیا پن پیدا کیا؟
جمعرات 19 دسمبر 2019 21:03
خواتین اونٹوں کی سجاوٹ والی مختلف اشیا تیار کرکے فروخت کرتی ہیں۔ فوٹو العربیہ
کنگ عبدالعزیز اونٹوں کا میلہ جہاں صحرائی جہاز کے شائقین کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے وہیں سعودی عرب کی بزرگ خواتین کی روزی روٹی بھی اس سے جڑی ہوئی ہے۔ سعودی خواتین اونٹوں کے میلے جانے والی سڑک پر ’الدھناء‘ بازار لگاتی ہیں۔ یہاں اونٹوں کی سجاوٹ کا رنگا رنگ سامان تیار کرکے فروخت کیا جاتا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض سے 140کلو میٹر کے فاصلے پر اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی عجیب و غریب مخلوق اونٹوں کا میلہ ہزاروں لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ میلہ جانے والے سڑک کے اطراف سفید خیمے دیکھ کر رکتے ہیں ۔ وہاں ہر سال بزرگ سعودی خواتین الدھناءبازار لگاتی ہیں۔
یہاں وہ کاٹن، قدرتی اور مصنوعی اون سے اونٹوں کی سجاوٹ والی مختلف اشیا تیار کرکے فروخت کرتی ہیں۔ آرائشی اشیا میں مختلف قسم کے دھات کے ٹکڑے بھی استعمال کرتی ہیں۔
ساٹھ برس سے زیادہ عمر کی سعودی خاتون ’ام سالم‘ بھی یہاں سجاوٹی اشیا کا خیمہ لگایے ہویے ہیں۔ انہوں نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں دسیوں برس سے یہ کام یہاں کررہی ہوں۔ اونٹ کی آرائشی اشیا مثال کے طور پر ’الشمائل‘ اور ’الجلال‘ وغیرہ تیار کرتی ہوں۔
ام سالم نے کہا کہ میں شاہ عبدالعزیز اونٹوں کے میلے کے علاوہ جنادریہ جیسے دیگر قومی میلوں میں بھی اس طرح کی اپنی دستی مصنوعات کی نمائش کرتی ہوں اور ان سے اپنی روزی روٹی کماتی ہوں۔
ام سالم انتہائی سادہ آلات سے اونٹوں کا آرائشی سامان تیار کرتی ہیں۔ دریافت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’الشمائل‘ کی طلب یہاں اچھی خاصی ہے۔ یہ اونٹنی کے بچے کو کسی بھی وقت دودھ پینے سے روکنے کے لیے بنایا جاتا ہے۔ اس کے دو فوائد ہیں۔ پہلا فائدہ تو اونٹنی کے مالک کو ہوتا ہے کہ وہ اس کا دودھ اپنے استعمال میں لے آتا ہے۔ دوسرا فائدہ خود اونٹنی کے بچے کو ہوتاہے کہ اس کی خوراک کا ایک نظام بن جاتا ہے۔
یہاں الجلال نامی آرائشی سامان بھی پسند کیا جارہا ہے۔ یہ اونٹوں کی پشت کو سجانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ام سالم کہتی ہیں کہ اونٹوں کا کلب خیمے کے انتظامات اور اسٹال لگانے کا ذمہ دار ہے۔کلب سعودی ہنر مند خواتین کو اپنی دستی مصنوعات اونٹوں کے میلے میں فروخت کرنے کا موقع فراہم کررہا ہے اس کے لیے ہم اس کے شکر گزار ہیں۔