Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اونٹوں کے میلے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال‘

میلہ صحرا الدھنا کے جنوبی مقام الصیاھد شروع ہوگیا۔فوٹو: ٹوئٹر
 سعودی عرب میں اونٹوں کا شاہ عبدالعزیز میلہ اتوار کو صحرا الدھنا کے جنوبی مقام الصیاھد شروع ہوگیا۔ صحرا الصیاھد ریاض سے 120کلو میٹر کے فاصلے پر مشرق میں واقع ہے۔ 
 الصیاھد تاریخی مقام ہے۔ سعودی عرب کی چھوٹی چھوٹی ریاستوں کو مشترکہ ریاست بنانے کے لیے بانی مملکت شاہ عبدالعزیزکے فوجی دستے یہاں جمع ہوئے تھے۔ یہ موسم بہار کے زمانے میں سعودی فرمانرواﺅں کا ڈیرہ مانا جاتا ہے۔
میلے کا انتظام الابل کلب کی جانب سے کیا گیا ہے۔ عربی میں اونٹ کے لیے الابل کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ اونٹوں کامیلہ 15 دسمبر سے 18جنوری تک جاری رہے گا۔

 الصیاھد تاریخی مقام ہے بانی مملکت شاہ عبدالعزیزکے فوجی دستے یہاں جمع ہوئے تھے۔فوٹو: ٹوئٹر

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان قومی اور تمدنی امور کو اجاگر کرنے، قومی ورثے اور ثقافت کو ذہن نشین کرانے کے لیے مختلف پروگراموں کی سرپرستی کررہے ہیں۔
سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش کا رواج تمام تر ترقیاتی عمل کے باوجود کم نہیں ہوا ہے۔ اونٹوں سے پیار کرنے والے سعودی اب بھی ہزاروں کی تعداد میں ہیں۔
 اونٹوں سے جدید معاشرے میں بھی مختلف خدمات لی جاتی ہیں۔اونٹوں سے عربوں کا پیار قدیم ہے ۔ اونٹ میلے میں اس کا بھرپور طریقے سے اظہار ہوتا ہے۔

عربی میں اونٹ کے لیے الابل کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔فوٹو: ٹوئٹر

 الابل کلب کے سربراہ فہد حثلین نے کہا ’ اونٹوں کا میلہ چوتھی مرتبہ ہورہا ہے۔ میلے کے انتظامات میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ سعودی قیادت چاہتی ہے کہ قدیم و جدید کا حسین امتزاج پیدا کرکے آباءاجداد کی تاریخی روایات کو نئی شکل میں دنیا کے سامنے لایا جائے‘۔
کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں اونٹ ، ان کے مالکان اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے سیکڑوں کی تعداد میں پہنچ چکے ہیں۔
میلے کی طرف جانے کے لیے تمام راستے منظم کردیے گئے۔ رماح الدمام روڈ ، الرمحیہ روڈ اور الطوقی روڈ سے شائقین میلے کو دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش کا رواج کم نہیں ہوا ہے۔فوٹو: ٹوئٹر

کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں ٹریفک امور کے فیلڈ کمانڈر بندر المشعان نے بتایا کہ میلے جانے والے تمام راستوں اور خود میلے میں مشترکہ سیکیورٹی فورس تعینات ہے۔ میلے کے تین صدر دروازے بنائے گئے ہیں۔ 30سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
فیلڈ کمانڈر بندر المشعان کے مطابق کوئی بھی خلاف ورزی برداشت نہیں ہوگی۔ گاڑیوں پر اشتہاری اسٹیکر چسپاں کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر تین تا چھ ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ ٹریفک کے تمام قوانین پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ خلاف ورزی پر مقرر جرمانے وصول کیے جائیں گے۔

شیئر: