پولیس نے جعلسازوں کو موقعے پر گرفتار کیا ہے۔ فوٹو: عاجل
ریاض پولیس نے دارالحکومت کے مشرقی محلے النسیم سے جعلی ڈالر بنانے اور جعلسازی میں ملوث تین افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں دو سعودی اور ایک یمنی شامل ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان نے بتایا ’پولیس کو جعلی ڈالر بنانے اور مارکیٹ میں پھیلانے کی اطلاعات ملی تھیں، پولیس نے جعلسازوں پر نظر رکھنی شروع کی اور بالآخر انہیں موقعے پر گرفتار کرلیا گیا۔‘
تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
ترجمان کے مطابق ملزمان عمر کے چوتھے اور پانچویں عشرے میں ہیں۔ ان میں سے ایک مالی فراڈ کرنے والے مطلوبہ افراد کی فہرست میں شامل تھا۔
تینوں کے قبضے سے جعلی ڈالر برآمد ہوئے۔ ملزمان پانچ لاکھ امریکی ڈالر، پانچ لاکھ سعودی ریال میں فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے۔