بنگلہ دیش نے انڈین سرحد پر موبائل فون سروس بند کر دی
بنگلہ دیش نے انڈین سرحد پر موبائل فون سروس بند کر دی
منگل 31 دسمبر 2019 19:01
انڈیا سے بنگلہ دیش میں داخل ہونے والے سینکڑوں افراد کو سرحدی محافظوں نے حراست میں لے لیا تھا۔ (فوٹو:اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے سکیورٹی کے پیش نظر انڈیا کے ساتھ اپنی سرحد پر ہزاروں موبائل فونز کی سروس بند کر دی ہے۔ بنگلہ دیش نے یہ اقدام انڈیا میں شہریت کے ترمیمی بل سے ممکنہ طور پر تارکین وطن کے خدشے کے تحت اٹھایا ہے۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن نے پیر کو انڈیا کی سرحد کے ساتھ ایک کلو میٹر کی حدود میں موبائل فون سروس بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔
واچ ڈاگ کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’یہ حکم نامہ موجودہ صورتحال میں ملک کی سکیورٹی کی خاطر جاری کیا گیا ہے۔‘
انڈین حکومت نے 11 دسمبر کو بل پاس کیا تھا جس کے تحت چند ممالک سے غیر ملکی مہاجرین کو شہریت دی جانی ہے۔ اس بل کے ذریعے لاکھوں غیر قانونی طور پر پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے سے مہاجرین کو شہریت دے گا تاہم اگر وہ مسلمان نہ ہوں۔
ایسوسی ایشن آف موبائل ٹیلی کام آپریٹرز بنگلہ دیش کے ترجمان ایس ایم فرہاد نے بتایا کہ ’سرحدی علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد انٹرنیٹ، کال اور دیگر سہولیات کے بغیر رہیں گے۔‘
بنگلہ دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن کے حکام کے مطابق ہمسایہ ملک میں شہریت ترمیمی بل کے باعث خدشہ ہے کہ انڈیا سے بڑی تعداد میں لوگ بنگلہ دیش میں داخل ہوسکتے ہیں۔
انڈیا میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 27 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے وزیرداخلہ اسد الزماں خان نے کہا تھا کہ ’سرحدی محافظوں نے حالیہ ہفتوں میں انڈیا سے لوگوں کو بے دخل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں انڈیا سے بنگلہ دیش میں داخل ہونے والے سینکڑوں افراد کو سرحدی محافظوں نے حراست میں لے لیا تھا۔