Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع ابشر کے ذریعہ ممکن

ایگزٹ ری انٹری میں آن لائن توسیع کے لیے موثر اقامہ ضروری ہے (فوٹو: المرصد)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے خوشخبری سنائی ہے کہ تارکین وطن ابشر کے ذریعے آن لائن ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں توسیع کراسکیں گے۔ فیصلے پر عمل در آمد شروع کر دیا گیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے یہ خوشخبری ٹویٹر کے اپنے اکائونٹ پر مقامی شہری کے اس سوال کے جواب میں سنائی ہے جس میں دریافت کیا گیا تھا کہ کیا وہ ایگزٹ ری انٹری ویزہ لے کر جانے والے اپنے کارکن کے ویزے میں توسیع کر سکتا ہے۔
  • باخبر رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 مقامی شہری نے توجہ دلائی تھی کہ ’میری کفالت میں کام کرنے والا غیر ملکی ایگزٹ ری انٹری ویزہ لے کر مملکت سے وطن گیا تھا، ویزے کی میعاد ختم ہوچکی ہے، آیا اس میں توسیع ہوسکتی ہے‘۔
محکمہ پاسپور ٹ نے مقامی شہری کے مذکورہ سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’ابشر کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ سے ایگزٹ ری انٹری ویزے  میں توسیع کی جا سکتی ہے‘۔

12آن لائن خدمات کا آغاز کیا گیاہےجن میں ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع شامل ہے ( فوٹو: عاجل)

محکمہ پاسپورٹ نے توجہ دلائی ہے کہ ’اگر ابشر کے ذریعے ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع کے حوالے سے کوئی مشکل پیش آرہی ہو تو ایسی صورت میں 920020405 پر رابطہ کرکے تکنیکی مدد طلب کی جائے‘۔ 
محکمہ پاسپورٹ نے دسمبر 2019ء کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ اس نے چار خدمات آن لائن شروع کردی ہیں۔ محکمے نے وزارت داخلہ کے مختلف شعبوں کے لیے 12 آن لائن خدمات کا آغاز کیا ہے۔ ان میں ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع قابل ذکر ہے۔
ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع کی آن لائن سہولت محکمہ پاسپورٹ اور وزارت خارجہ کے درمیان مشترک ہے۔ یہ سہولت ایگزٹ ری انٹری ویزہ لے کر جانے والے ان تارکین وطن کے لیے ہے جو تاخیر سے واپس آنا چاہتے ہوں۔
یاد رہے کہ ماضی میں ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع کا کام وزارت خارجہ کے ذریعے انجام دیا جارہا تھا۔ اس کے لیے آجر کو محکمہ پاسپورٹ سے اپنے اجیر کا پرنٹ لینا ہوتاتھا اور پھر اسے بیرون ملک موجود ایجنسی کو بھیجا جاتا تھا جس کی بنیاد پر و زارت خارجہ سے توسیع اور مقررہ فیس کی ادائیگی کے لیے رجوع کیا جاتا تھا۔
ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع کی سہولت ایسی صورت میں آن لائن میسر ہوگی جب متعلقہ شخص کا اقامہ موثر ہوگا اور گزشتہ مدت کی مقررہ فیس ادا کردی گئی ہوگی۔
 

شیئر: