سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ گاڑیوں کی خرید و فروخت ’ابشر‘ ( وزارت داخلہ کی آن لائن سروس ) کے ذریعے آن لائن کی جاسکتی ہے۔ اس کے لیے گاڑی خریدنے اور بیچنے والے کو چار کام کرنا ہوں گے۔
عاجل ویب سائٹ نے محکمہ ٹریفک کے حوالے سے ابشر کے ذریعے آن لائن گاڑیوں کی خریداری کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا ہے۔
1۔ ابشر پر اندراج
2۔ گاڑیوں کی سروس والے خانے کا انتخاب
3۔ گاڑیوں کے لین دین کے آپشن کا انتخاب
4۔ سکرین پر نظر آنے والے اقدامات کی تکمیل
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے ابشر کے توسط سے 13خدمات آن لائن کردی گئی ہیں۔ ان میں گاڑیوں کی خرید و فروخت شامل ہے۔
’ ابشر‘ کے ذریعے گاڑیوں کی خرید و فروخت کی ایک شرط یہ ہے کہ گاڑیاں ذاتی ملکیت یا پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھتی ہوں۔ اس سروس کی فیس 200 ریال ہے۔
ذرائع کا کہناہے کہ نئی خدمت کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اگر کسی وجہ سے سودا منسوخ ہوجائے تو ایسی صورت میں گاڑی کی ادا شدہ رقم بھی آن لائن ہی واپس لی جاسکتی ہے۔ سودا مکمل ہونے کے بعد 72 گھنٹے تک کی مہلت ہوتی ہے۔
گاڑیوں کا لین دین اسی صورت میں آن لائن ہوسکتا ہے جب متعلقہ گاڑی کا کمپیوٹر (فحص) موثر ہو۔ گاڑی کا استمارہ جسے رخصتہ السیر( ملکیتی دستاویز) کا موثر ہونا بھی ضروری ہے۔
ایک شرط یہ بھی ہے کہ متعلقہ گاڑی پر کسی قسم کا کوئی چالان نہ ہو۔ انشورنس موثر ہو۔ گاڑی کی قیمت خریدار سے وصول کی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فروخت کی جانے والی گاڑی کی کم از کم قیمت دس ہزار اور زیادہ سے زیادہ 80 ہزار ریال ہو۔