Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا نئے پاکستانی منصوبوں کے لیے200ملین ڈالر کا اعلان

عبدالحفیظ شیخ نے خصوصی فنڈ پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (فوٹو:وزیراعظم آفس)
ابوظبی کے ولی عہد اور اماراتی افواج کے نائب سربراہ اعلیٰ شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے سائز کے منصوبوں کے لیے 200ملین ڈالر مختص کرنے کا حکم دے دیا۔
متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے وام اور الامارات الیوم کے مطابق محمد بن زاید نے خلیفہ فنڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ دوست مسلم ملک پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے سائز کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے 200ملین ڈالر مختص کردے۔
محمد بن زاید نے یہ ہدایت دورہ پاکستان کے موقع پر جاری کی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔

محمد بن زاید نے یہ ہدایت دورہ پاکستان کے موقع پر جاری کی ہے۔ (فوٹو:وزیراعظم آفس)

دونوں رہنماﺅں نے مشرق وسطیٰ ، خلیج عرب، برصغیر اور اسلامی دنیا کے اہم مسائل پر مذاکرات کیے۔ علاوہ ازیں دونوں ملکوں کی باہمی دلچسپی کے علاقائی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماﺅں نے ان تمام مسائل پرنقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔
ملاقات کے آغاز میں شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آرزو ظاہر کی کہ نیاسال 2020پاکستان اور پوری دنیاکے لیے ترقی اور امن و فلاح کا سال ثابت ہو۔
محمد بن زاید نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امارات کے دوستانہ تعلقات گہرے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے توازن پیدا کرنے والی ریاست ہے۔ خلیج عرب کے علاقے کے لیے پاکستان اسٹراٹیجک ریاست کی حیثیت رکھتا ہے۔ امارات اور پاکستان کے تاریخی ، جغرافیائی ، ثقافتی اور سماجی تعلقات سیکڑوں برس سے قائم ہیں۔
محمد بن زاید نے زور دے کر کہا کہ برصغیر کے علاقے میں امن و استحکام اور مکالمے سے متعلق امارات کی پالیسی غیر متزلزل۔ یہ علاقہ ایشیا، پوری دنیا اور خلیج عرب کے لیے انتہائی اسٹراٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔
محمد بن زاید نے توجہ دلائی کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے دائرے میں مشترکہ جدوجہد کا بنیادی ستون ہے۔ امارات اسلامی دنیا کے مسائل حل کرنے کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
محمد بن زاید نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے اتحاد کا خواہاں ہے۔ امارات، اس موقف پر پاکستان کا قدر دان ہے۔
پاکستانی وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مضبوط اور منفرد نوعیت کے ہیں۔
عمران خان نے پاکستان میں ترقیاتی عمل اور معیشت کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں امارات کی مدد پر قدرو منزلت کااظہار کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم پر شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید علاقائی اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں کلیدی کردارادا کررہے ہیں۔
عمران خان نے شیخ محمد بن زاید کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔ شیخ محمد بن زاید جمعرات کو پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ عمران خان نے نور خان آرمی ایئر بیس پر خوش آمدید کہا۔
شیخ محمد بن زاید نے پاکستانی منصوبوں کے لیے اماراتی مدد کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں اچھوتے منصوبوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ نئے منصوبوں کی سرپرستی ہوگی۔ حکومت پاکستان اپنے یہاں پائدار اور متوازن قومی معیشت کی فضا بنا رہی ہے۔ اس مدد سے حکومت پاکستان کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔ مختلف شعبوں میں پائدار ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔
پاکستان کے لیے 200ملین ڈالر کی مدد کا فیصلہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور رشتوں کو گہرا اور مضبوط بنانے کے جذبے سے کیا گیا ہے۔ دونوں ملک گزشتہ کئی عشروں سے مختلف سطحوں پر باہمی تعلقات کو وسعت دے رہے ہیں۔
وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے خصوصی فنڈ پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
 
 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں                    
 

شیئر: