Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہروب، پہاڑوں اور بادلوں میں گھری ہوئی چوٹیاں

پہاڑیوں کے دلکش قدرتی مناظر سیاحوں کی توجہ کا محور بنی ہوئی ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے جازان میں ہروب پہاڑیوں کے دلکش قدرتی مناظر سیاحوں اور موسم سرما کی تعطیلات پرفضا مقام پر گزارنے کے شائقین کا محور بنی ہوئی ہیں۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق جازان صوبے کی کمشنری ہروب کا بدلتا ہوا موسم  سیاحوں کے لیے پرکشش بنا ہوا ہے۔ یہاں ہونے والی بارشوں کی بدولت ایک جانب تو وادیاں برساتی دریائوں میں تبدیل ہورہی ہیں تو دوسری طرف جگہ جگہ سیلاب کے مناظر نظر آرہے ہیں اور تیسری جانب پہاڑوں سے پھوٹنے والے آبشار دعوت نظارہ دے رہے ہیں۔

ہروب کے جنگلات یہاں کی تازگی بخش ہوا  اور پہاڑوں کے سبز مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہروب جازان شہر سے 110 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ہروب کا خوبصورت ترین منظر سیڑھیوں کی شکل میں پہاڑوں پر کی جانے والی ایک کھیتی باڑی کا ہے۔ یہاں تین طرح کی زراعت کی جارہی ہے۔ غلے کی کاشت ہورہی ہے۔ 

کافی کی پیداوار، گندم، مکئی، باجرہ کے کھیت کیاریوں کی شکل میں بڑے بھلے لگتے ہیں۔ یہاں پھلوں میں آم، لیموں، کیلا، امرود، انجیر وغیرہ کے باغات بکثرت پائے جاتے ہیں۔ خوشبویات میں یہاں نرگس، چمبیلی اور کادی کی پھلواریاں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔

ہروب کمشنری ان دنوں سیاحوں اور موسم سرما کی تعطیلات گزارنے والوں کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ہروب کے کمشنر فیصل بن لبدہ نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ سیاحوں کو ان کی بنیادی ضروریات احسن شکل میں مہیا ہوں۔

یہاں کے سیاحتی مقامات میں وادی ہروب ہے۔ یہاں سال بھر میٹھا پانی وافر مقدار میں مہیا رہتا ہے۔ وادی ہروب سال بھر آباد رہتی ہے۔

 سیاحتی مقامات میں وادی وساع، وادی الرزان، وادی شہدان، وادی الجشاء، وادی وعال اور وادی حجن بھی ہیں۔ 

سیاح وادیوں کے اطراف ڈیرے ڈال کر موج مستی کررہے ہیں۔ ہروب میں خوجرہ ، جبل منجد، جبل الفقارہ، جبل نعمہ، الصھالیل، الجوین، الھیاج، البازخ اور الفقر مقامات بھی قابل دید ہیں۔
 

شیئر: