پٹرول سٹیشن پر ڈیجیٹل سکرین نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی
پٹرول سٹیشن پر ڈیجیٹل سکرین نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی
منگل 7 جنوری 2020 11:39
پیٹرول اسٹشینز پر نرخوں کے لیے مخصوص ڈیجیٹل اسکرینز کی تنصیب لازمی ہے ۔ فوٹو ، سبق نیوز
وزارت بلدیات کی جانب سے پیٹرول اسٹیشنز پر نرخ ناموں کے لیے ڈیجیٹل ڈسپلے اسکرینز نصب نہ کرنے والے کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ۔
وزارت نے مملکت میں قائم تمام پیٹرول اسٹینشز مالکان کو ہدایات جاری کی تھی کہ وہ اپنے اسٹیشنز میں نمایاں مقام پرڈیجیٹل ڈسپلے اسکرینز نصب کریں ،بلدیہ کی جانب سے اس ضمن میں ڈیڈ لائن بھی دی گئی تھی ۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ' ایس پی اے' کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی ترقی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ قبل ازیں پیٹرول اسٹیشنز میں نرخ ناموں کے لیے روایتی تحریری تخطی لگائی جاتی تھی جسے ڈیجیٹل اسکرین میں تبدیل کیا گیا ہے تاکہ پیٹرول اسٹیشنز مالکا ن نرخوں میں ردو بدل نہ کرسکیں ۔
اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے لیے قواعد کا اعلان پہلے کیاجاچکا تھا ۔ فوٹو ، اخبار 24
اس حوالے سے وزارت بلدیات کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنل آفیسز کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ پیٹرول اسٹیشنز میں ڈیجیٹل اسکرینز نصب کی جائیں ۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے پیٹرول اسٹیشنز کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد کریک ڈائون شروع کردیا ہے ۔ اس ضمن میں مختلف شہروں اور قصبوں کے لیے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو پیٹرول اسٹیشنز میں اس امر کی تصدیق کرتی ہیں کہ وہاں ڈیجیٹل اسکرین لگائی گئی ہے یا نہیں ۔
تفتیشی ٹیمیں وزارت بلدیات اور تجارت و صنعت کے اہلکار وں پر مشتمل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول اسٹیشن مالکان کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں اس دوران وہ اپنے اسٹیشن پر ڈیجیٹل اسکرین نصب کر لیں ۔پہلے نوٹس کے اجراء کے بعد دوسرا نوٹس ارسال کیاجاتا ہے اور تیسرے نوٹس پر پیٹرول اسٹیشن سیل کر کے جرمانہ عائد کیاجاتا ہے ۔
قوانین کی خلاف ورزی پر پیٹرول اسٹیشن سیل کر دیا جاتا ہے ۔ فوٹو ، اخبار 24
وزارت بلدیات کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ پیٹرول اسٹیشنز پر مخصوص اسکرینوں کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بارے میں عوام وزارت کے ٹول فری نمبر940 پر اطلاع دے سکتی ہے جس پرمتعلقہ ٹیمیں فوری کارروائی کریں گی ۔
واضح رہے اس سے قبل گورنریٹ کی جانب سے تمام پیٹرول اسٹیشن مالکان کو اس امر کا پابند بنایا گیا تھا کہ وہ اپنے اسٹیشنوں کو مخصوص معیار کے مطابق بنائیں ۔ غیر معیاری اسٹیشنز کو انتباہی نوٹس جاری کرنے کے بعد سیل کر دیا جاتا ہے ۔
گورنریٹ کی جانب سے پیٹرول اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کے لیے مختلف کیٹگریز رکھی گئی ہیں ۔ شہروں کے اندر اور ہائی ویز پر قائم اسٹیشنز کے کیٹگریز جدا جدا ہیں ۔