Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران طیارے کی تباہی پر مکمل وضاحت دے، جسٹن ٹروڈو

’میں غصے میں ہوں کیونکہ ملک بھر میں کینیڈا کے شہری اپنے پیاروں کی موت پر غمزدہ ہیں‘
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب گرائے جانے والے یوکرینی مسافر طیارے کے حوالے سے کینیڈا کو مکمل وضاحت فراہم کی جائے۔
ہفتے کو کینیڈین وزیراعظم نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے یہ مطالبہ ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا ہے۔
بدھ 8 جنوری کو یوکرینین انٹرنیشنل ایئر لائن کا مسافر تیارہ تہران سے اُڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں 57 کینیڈین شہری شامل تھے۔ ان میں زیادہ تعداد کینیڈا کی دوہری شہریت رکھنے والے ایرانی باشندوں کی تھی۔
اس واقعے کے بعد سنیچر کو ایران نے اعتراف کیا تھا کہ اس کی فوج نے یوکرینی مسافر طیارے کو ’غیر ارادی طور پر‘ میزائل سے نشانہ بنایا تھا اور یہ میزائل طیارے کی تباہی کی وجہ بنا۔
صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ ’فوج کی تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یوکرین کے بوئنگ 737 کو انسانی غلطی کی وجہ سے میزائل لگے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے صدر روحانی سے کہا ہے کہ یہ مان لینا کہ طیارے کو ان کی فوج نے نشانہ بنایا تھا، ایک اہم اقدام ہے مگر ابھی بہت سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔  
ان کے بقول ’اس حوالے سے مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، ہمیں مکمل وضاحت چاہیے کہ اتنا خوفناک واقعہ کیسے پیش آیا۔ ایران کو اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔‘

طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے (فوٹو: روئٹرز)

جسٹن ٹروڈو نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے صدر روحانی سے مطالبہ کیا کہ کینیڈا کو بھی تحقیقات کا حصہ بننے کی اجازت دی جائے۔  
ان کے مطابق تین افراد پر مشتمل ایک ٹیم کو ایران بھیجا گیا ہے جو وہاں مقیم کینیڈین شہریوں اور متاثرین کی مدد کرے گی۔ ’اس کے علاوہ دو تفتیشی افسران اور 10 قونصل نمائندے بھی ایران بھیجے جائیں گے جو متاثرین کی شناخت اور وطن واپسی میں مدد کریں گے۔ ایران کی طرف سے ان افراد کو ویزے جاری کرنے کے لیے کام ہو رہا ہے۔‘
کینیڈین وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’میں یقیناً اشتعال اور غصے میں ہوں کیونکہ ملک بھر میں کینیڈا کے شہری اپنے پیاروں کی موت پر غمزدہ ہیں اور یہ کہ ایرانی کینیڈین برادری اس قدر تکلیف سے گزر رہی ہے۔ قیمتی جانوں کے اس بے دریغ ضیاع پر تمام کینیڈین حیرت زدہ ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہاں میں غصے میں ہوں کیونکہ کینیڈین شہریوں نے اپنے والدین، بچے اور شریک حیات گنوائے ہیں۔ یہ ایرانی کینیڈین برادری کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی حکومت ایران سے متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کرے گی تو انہوں نے ہاں میں جواب دیا۔

ایرانی صدر نے تسلیم کیا تھا کہ طیارہ ان کی فوج نے گرایا (فوٹو: اے ایف پی)

 واضح رہے کہ جمعے کو کینیڈین وزیراعظم نے ایران سے اس واقع کے ذمہ داروں کے احتساب اور متاثرین کے لواحقین اور عزیزوں کے لیے شفاف انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کے آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’یہ ایک قومی سانحہ ہے اور اس پر کینیڈا کے شہری ایک ساتھ سوگ منا رہے ہیں۔‘
جسٹن ٹروڈو کے علاوہ دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی ایران سے اس واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے جلد احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر: