وادی الدواسر کا دروازہ سیاحوں کے لیے باعث کشش کیوں
وادی الدواسر کا دروازہ سیاحوں کے لیے باعث کشش کیوں
پیر 13 جنوری 2020 14:55
الداوسر کا علامتی گیٹ اہل علاقہ کی مہمان نوازی کا عکاس ہے ۔ فوٹو ، سبق نیوز
سعودی عرب کی کمشنری ' وادی الدواسر ' کے مشرقی داخلی راستے پر بنا مرکزی علامتی دروازہ وہاں آنے والوں کی توجہ کا مرکز بنا ہو ا ہے ۔ الدواسر آنے والے جب یہاں پہنچتے ہیں تو دروازے پر یادگاری تصاویر لازمی بناتے ہیں ۔
مذکورہ دروازہ کوئی عام دروازہ نہیں جس کے " در" ہوں اور انہیں بند بھی کیا جاتا ہوبلکہ اس دروزاے سے مراد وہ علامت ہے جسے شہر کی حدود کا آغاز کہا جاسکتا ہے ۔
شہروں کے داخلی راستوں پر دروازوںکی تعمیر کی روایت زمانہ قدیم سے چلی آرہی ہے جب شہروں کے گرد فصیل ہوا کرتی تھی اور شہر میں داخل ہونے کے لیے بڑے بڑے دروازے بنائے جاتے تھے ۔
وادی الدواسر کمشنری کے شمالی سمت سے آنے والی شاہراہ پر شہر کی حدود کو متعین کرنے والے علامتی دروازے کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ وہ علاقے کی روایت کی علامت بھی بن گیا ہے ۔
عربی ویب نیوز ' سبق ' کے مطابق علامتی گیٹ علاقے کے معروف تاجر سلمان حمود نے تعمیر کرایا تھا جس کا مقصد اس امر کا اظہار کرنا ہے کہ وادی الدواسر کے لوگ کس قدر مہمان نواز ہیں ۔
علامتی دروازے کو عربی قہوے کی " کیتلی " جسے عربی میں " دلہ القہوہ" کہا جاتا ہے کے نمونے کے طور پر بنایا گیا ہے ۔ دنیا بھر میں یہ علامتی گیٹ سب سے بڑا ہے۔
مذکورہ علامتی دروازہ وادی الدواسر کی ریاض شاہراہ پر جنوب کی سمت میں ہے جو تقریبا 60 میٹر لمبا ہے ۔ دروازے کو گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں " دنیا کا سب سے بڑا دروازہ " کے عنوان سے درج کیا گیا ہے ۔
وادی الدواسر کا یہ علامتی دروازہ جو "قہوے کی جن کیتلیوں " پر مشتمل ہے اس میں ہر کیتلی کی اونچائی 11 میٹر ہے جبکہ اس کی لمبائی 8 میٹر ہے۔شاہراہ کے دونوں جانب 2 کیتلیاں بنائی گئی ہیں جنہیں ایک پل کے ذریعے باہمی طور پر جوڑا گیا ہے ۔ علامتی دروازے میں چیک پوسٹ بھی قائم کی گئی ہے جہاں سیکیورٹی اہلکارہ ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں ۔
ڈاکارریلی کے شرکاء جب ریاض سے وادی الدواسر پہنچے تو انہو ںنے بھی مذکورہ علامتی دروازے کی طرز تعمیر میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے وہاں یادگاری تصاویر بنوائیں ۔ وادی الدواسر آنے والے سیاح بھی اس دروزاے پر خصوصی طور پر جاتے اور تصاویر بنواتے ہیں ۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں