بنگلہ دیش سے سیریز پاکستان میں ہو گی
مہمان ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلے گی۔ فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم 24 سے 27 جنوری تک تین ٹی 20 میچ لاہور میں کھیلے گی جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ سات سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی20 میچز کھیلے گی۔
مہمان ٹیم سات سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ پانچ سے نو اپریل تک کراچی میں ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔