Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش میں ہیٹ ٹرک والے پاکستانی بولر

حارث رؤف بِگ بیش لیگ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، فوٹو: پی سی بی
آسٹریلوی ٹی 20 لیگ بِگ بیش میں پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے میلبرن سٹارز کی جانب سے سڈنی تھنڈرز کے خلاف کھیلتے ہوئے ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس طرح وہ بِگ بیش لیگ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
حارث رؤف نے بِگ بیش لیگ میں اب تک چار میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 16 اوورز میں 94 رنز دے کر 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں حارث رؤف نے 23 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اس طرح 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے بعد وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

 

دائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرنے والے حارث نے بِگ بیش لیگ میں ہی 151 کلومیٹر گی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروا کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا دی۔ انہوں نے یہ کارنامہ میلبرن سٹارز کی جانب سے سڈنی ٹھنڈر کے خلاف میچ میں سرانجام دیا۔
واضح رہے کہ حارث رؤف کا نام کرکٹ کے حلقوں میں گذشتہ کچھ عرصے سے لیا جا رہا تھا۔ ان کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ نہایت تیز رفتاری اور لائن و لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں تاہم اب تک وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کو متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
26 سالہ حارث رؤف کا تعلق پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہے اور وہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

حارث رؤف بِگ بیش لیگ کے چار میچز میں 13 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، فوٹو: ٹوئٹر

اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا میں بھی گریڈ کرکٹ کھیل چکے ہیں جہاں انہوں نے انڈین کپتان وراٹ کوہلی کو بھی بولنگ کروائی تھی اور اسے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر بھی کیا تھا۔
حارث رؤف کو لاہور قلندر کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں منتخب کیا گیا۔ اس سے پہلے وہ ٹینس بال کرکٹ میں جڑواں شہروں میں اپنی سپیڈ کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے تاہم انہوں نے اس سے قبل کسی کلب کی نمائندگی نہیں کی۔

شیئر: