Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط سینماؤں میں دکھائی جائے گی

آئزہ خان نے میرے پاس تم ہو میں مہوش کا کردار نبھایا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستانی ڈرامہ شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کرنے اور تقریبا ہر قسط کے موقعے پر سوشل میڈیا ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بننے والے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط 25 جنوری کو ٹی وی سمیت سینماؤں میں بھی دکھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کئی دہائیوں سے ناظرین کو اپنے سحر میں مبتلا رکھنے والے پاکستانی ڈراموں کی فہرست میں حالیہ اضافہ کہے جانے والے 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط سینماؤں میں دکھایا جانا اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے۔ ابتدا میں اعلان کیا گیا تھا کہ ڈرامے کی آخری قسط 11 جنوری 2020 کو دکھائی جائے گی۔

ہمایوں سعید اور شہزاد ناصب کی جانب سے ’سکس سگما پروڈکش ہاؤس‘ کے پیش کردہ ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کے مصنف خلیل الرحمن قمر جبکہ ڈائریکشن ندیم بیگ نے کی ہے۔ ہمایوں سعید نے ڈرامے میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے، ان کے ساتھ عدنان صدیقی، آئزہ خان اور حرا مانی نے مرکزی کردار ادا کیے۔
گذشتہ برس اگست میں پہلی قسط نشر ہونے کے بعد سے پاکستانی ڈرامہ ناصرف شائقین کی دلچسپی برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ اسے پسند کرنے یا ناپسند کرنے والوں کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔ ڈرامے کی اختتامی قسطیں قریب پہنچتے ہی اس کا ممکنہ انجام بھی شائقین کی دلچسپی کا اہم موضوع بنا ہوا ہے۔
ڈرامے کے مرکزی کرداروں پر مبنی تکون میں سے ایک کے انتقال یا ہیپی اینڈنگ کے اندازے لگانے والوں کی کمی نہیں، تو دوسری جانب خاصی تعداد ایسے لوگوں کی بھی ہے جو اسے افسانے کی مانند انتہائی عروج پا کر اچانک مگر حیران کن اختتام کے رنگ میں رنگا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ڈرامے کا اختتام سوشل میڈیا صارفین کی دلچسپی کا اہم موضوع ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

راحت فتح علی خان کے گائے تھیم سونگ 'میرا یہ بھرم تھا، میرے پاس تم ہو' سے مزین ڈرامے کے دوران سوشل میڈیا شائقین نے جہاں اپنے اپنے تجربات و خیالات شیئر کیے وہیں ایسے صارفین بھی گفتگو کا حصہ رہے جو ڈرامے کے اپنے پرچوں تک پہنچ جانے پر اپنے ٹیچر کے 'آن فائر' ہونے کی خبر دیتے رہے۔
کچھ لوگوں کو یہ شکوہ رہا کہ ’لوگ دنیا کو درپیش اہم مسائل پر گفتگو کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین میرے پاس تم ہو، مہوش (آئزہ خان) اور دانش (ہمایوں سعید) کو ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنائے ہوئے ہیں۔‘
یہ ایک عام مشاہدہ ہے کہ سوشل میڈیا کسی موضوع پر گفتگو کرے تو اس میں مزاح یا تنقید کے رنگ ضرور شامل رہتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی معاملہ میرے پاس تم ہو کہ ساتھ بھی رہا۔ کچھ اسے حد سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا 'اوور ریٹڈ ڈرامہ' قرار دیتے رہے ہیں جب کہ کچھ صارفین کو شکوہ ہے کہ یہ غیر عقلی اور بیکار رہا۔

’میرے پاس تم ہو‘ کی ہر قسط سوشل میڈیا کی ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنتی رہی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

تنقید اور شکووں کے ساتھ ساتھ ڈرامہ شائقین کی اس میں دلچسپی بھی ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ ڈرامہ نشر کرنے والے چینل اے آر وائی ڈیجیٹل نے مختلف اقساط کے موقع پر ناظرین کی اس میں دلچسپی کے اعدادوشمار بھی پیش کیے۔ جس میں واضح تھا کہ ڈرامہ کی ریٹنگ ہفتے کے روز دیگر چینلز کی جانب سے نشر کیے جانے والے ڈراموں کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی۔
اس سے قبل کیے گئے ایک الگ اعلان میں ڈرامہ نشر کرنے والے چینل نے بتایا تھا کہ 'میرے پاس تم ہو' 2019 میں ان کے چینل کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ڈرامہ رہا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: