پاکستان سٹیزن پورٹل پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں سب سے زیادہ شکایات سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے کی جارہی ہیں۔
وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 85 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
سٹیزن پورٹل پر سب سے زیادہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 21 ہزار سے زائد شکایات کی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
کیا سٹیزن پورٹل واقعی مسئلے حل کر رہا ہے؟Node ID: 429381
-
’اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل سپیشل عدالتیں حل کریں گی‘Node ID: 434416
-
سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کی کمیٹیاںNode ID: 449516
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی 21 ہزار سے زائد شکایات میں سے 19 ہزار شکایات حل قرار دی جا چکی ہیں اور وزیراعظم ڈیلوری یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 43 فیصد شکایات کنندگان نے شکایات کے ازالے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان سٹیزن پورٹل پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے 19 ہزار سے زائد شکایات کی ہیں جن میں سے 17 ہزار کو حل قرار دیا چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں میں 41 فیصد شکایات کنندہ نے سٹیزن پورٹل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
7 ہزار سے زائد برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے اپنی شکایات اعلی حکام تک پہنچائی ہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات ہوتی کیا ہیں؟
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ذکر آئے تو خیال آتا ہے کہ شکایات پاسپورٹ یا امیگریشن سے متعلق زیادہ ہوں گی لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔
وزیراعظم ڈیلوری یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے جو شکایات سامنے آرہی ہیں ان میں میونسپل سروسز کے خلاف شکایات سر فہرست ہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 31 ہزار سے زائد شکایات میونسپل سروسز سے متعلق ہیں۔
7 ہزار 418 شکایات گیس اور بجلی سے متعلق ہیں جن میں نئے کنکشنز لگنے میں تاخیر جیسے شکایات درج کی جارہی ہیں۔
5 ہزار سے زائد شکایات محکمہ لینڈ ریونیو کے خلاف کی جاتی ہیں اور اتنی ہی تعداد میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے لا اینڈ آرڈر اورائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے خلاف درج کی گئی ہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی میونسپل سروسز سے متعلق شکایات کیوں کرتے ہیں؟
پاکستان سٹیزن پورٹل کے سربراہ عادل سعید صافی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمومی تاثر ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاسپورٹ کے حوالے سے شکایات کی جاتی ہیں لیکن حیرت انگیز بات ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی میونسپل سروسز کے حوالے سے شکایات کی تعداد زیادہ ہے۔
عادل سعید صافی کہتے ہیں ’پاسپورٹ اور دیگر امیگریشن کے حوالے سے شکایات آنا تو معمول کی بات ہے لیکن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھی ایسی شکایات کی کمی نہیں جو ناقص نکاسی آب یا بجلی کی عدم دستیابی سے متعلق ہوتی ہیں۔‘
