Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سالانہ امتحانات اب 10 رمضان المبارک سے ہوں گے

شاہ سلمان نے رواں تعلیمی سال کے امتحانات کے نئے نظام کی منظوری دے دی ہے ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں رواں تعلیمی سال کے امتحانات کے نئے نظام کی منظوری دے دی ہے۔
 امتحانات 3 مئی 2020ء (10 رمضان 1441ھ)  اتوار کو شروع ہوں گے۔ سالانہ تعطیلات کا آغاز 14 مئی 2020 ء جمعرات کی حاضری کے بعد سے ہوگا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’سکولوں اور کالجوں کے سالانہ امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی سے طلباء و طالبات کو راحت ملے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس سے تعلیمی نتائج اور امتحانات پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ گزشتہ سال رمضان المبارک میں تعلیم معطل کردی گئی تھی اور عید الفطر کی تعطیلات کے بعد امتحانات رکھے گئے تھے۔ یہ تجربہ اچھا نہیں رہا تھا‘۔

سالانہ تعطیلات کا آغاز 14مئی 2020 ء جمعرات کی حاضری کے بعد سے ہوگا ( فوٹو: الاقتصادیہ )

آل الشیخ نے توجہ دلائی ہے کہ وزارت تعلیم نے طلباء و طالبات کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے زمینی حقائق کی بنیاد پر امتحانات اور سالانہ تعطیلات کی تاریخوں میں تبدیلی کی سفارش کی تھی۔
وزیر تعلیم نے توجہ دلائی ہے کہ سالانہ امتحانات کے نئے نظام سے تعلیمی عمل مربوط ہوجائے گا۔ طلباء امتحانات کی تیاری بہتر شکل میں کرکے امتحان دے سکیں گے۔
آل الشیخ نے بتایا کہ پرائمری سکولوں کے امتحانات کی شروعات  18 رمضان 1441ھ کو ہوگی جبکہ نرسری اور پرائمری سکولوں میں تعلیمی عملے اور انتظامیہ کی سالانہ چھٹی 21 رمضان 1441ھ کی ڈیوٹی مکمل کرکے شروع ہوگی۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ مڈل اور ثانوی کے سکولوں کے طلباء و طالبات کے امتحانات 10 شوال 1441ھ کو شروع ہوں گے اور مڈل اور ثانوی سکولوں کے تعلیمی و انتظامی عملے کی سالانہ چھٹی 19 شوال 1441ھ جمعرات کی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد ہوگی۔ تمام سکولوں کے تعلیمی و انتظامی عملے کی ڈیوٹی 26 ذی الحجہ 1441ھ کو شروع ہوگی۔
 البتہ تمام سکولوں میں تدریس پر مامور اساتذہ کی ڈیوٹی 4 محرم 1442ھ کو شروع ہوگی اور نئے تعلیمی سال کا آغاز 11 محرم 1442ھ سے ہوگا۔
 

شیئر: