Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت بلدیات نے ریستورانوں پر نئی پابندیاں عائد کردیں

ہر ریستوران اپنے یہاں دھویں کے اخراج کا معقول انتظام کرے ( فوٹو: سبق)
وزارت بلدیات و دیہی امور نے ریستورانوں اور عربی کھانے ’حنیذ‘ اور ’مندی‘  تیار کرنے والے مراکز پر نئی پابندیاں عائد کردیں ہیں۔ پابندیاں حفظان صحت کے ضوابط سے متعلق ہیں۔ خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کا انتباہ جاری کیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق بلدیاتی و دیہی امور کی وزارت کے ماتحت حفظان صحت کا بڑا ادارہ کام کررہا ہے۔ اسکا بنیادی مقصد مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں، زیارت و سیاحت کے لیے آنے والوں کی صحت کا تحفظ ہے۔ 
حفظان صحت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے اور ریستورانوں نیز مختلف قسم کے کھانے تیار کرنے والے مراکز کو احتیاطی تدابیر اپنانے پر مجبور کیا جاتا ہے تاکہ زہر خورانی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔
 کبھی کبھار زہر خورانی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر لیتا ہے۔ ایسی صورت میں جانیں بھی چلی جاتی ہیں۔ 

نئی پابندیوں کا مقصد شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحت کے لیے آنے والوں کی صحت کا تحفظ ہے ( فوٹو: سبق)

ریستورانوں اور عربی کھانے تیار کرنے والے مراکز کے لیے حفظان صحت کے لائحہ عمل میں تاکید کی گئی ہے کہ روٹی تیار کرنے اور کھانے بنانے کے لیے مخصوص قسم کے تندور کا استعمال کیا جائے۔ 
وزارت بلدیات و دیہی امور نے ریستورانوں اور عربی کھانے تیار کرنے والوں کے لیے مخصوص تندور استعمال کرنے کی پابندی لگا دی ہے۔ انہیں اس بات سے تحریری طور پر بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ تندور کے ڈھکن ایسی دھات کے ہوں جو زنگ آلود نہ ہوتی ہو اور تندور کے اوپر والے حصے اور اسکے درمیان خاص فاصلہ رکھا جائے۔ اس سلسلے میں متعدد تکنیکی پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔
لائحہ عمل میں یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ عربی کھانے تیار کرنے والے مراکز موٹے کپڑے کی دو تہیں استعمال کریں اور اس کے اوپر تندور کو بند کرنے کے لیے ریت کی تہہ لگائی جائے اور تندور کی حرارت کے اخراج کو قوت کے ساتھ روکا جائے۔ کپڑا روزانہ کی بنیاد پر صاف کیا جائے۔

 ریستورانوں کو لوہے یا معدنیات کے کین استعمال کرنے سے منع کردیا گیا ہے ( فوٹو: عاجل)

ریستورانوں کو لوہے یا معدنیات کے کین استعمال کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔
وزارت بلدیات و دیہی امور نے یہ پابندی بھی عائد کی ہے کہ ریستوران اور عربی کھانے تیارکرنے والے مراکز بجلی، گیس یا کوئلے یا پتھر سے چلنے والے چولہے استعمال کریں۔ 
شاورما کے لیے شوایہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایک پابندی یہ بھی لگائی گئی ہے کہ ہر ریستوران اپنے یہاں دھویں کے اخراج کا معقول انتظام کرے۔ دھویں اور ناپسندیدہ بو ریستوران میں نہ آنے پائے اور دھواں پابندی سے باہر نکلتا رہے۔  ایگزسٹ فین 50 سینٹی میٹر سے کم سائز کے نہ ہوں اور چمنی برابر کی عمارت سے دو میٹر اونچائی پر ہو۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: