مصر کا نیا فوجی اڈہ عربوں کی طاقت ہے : شہزادہ خالد بن سلمان
مصر کا نیا فوجی اڈہ عربوں کی طاقت ہے : شہزادہ خالد بن سلمان
جمعرات 16 جنوری 2020 21:20
’برنیس فوجی اڈہ بحر احمر کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا‘ ( فوٹو: واس)
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’برنیس مصری فوجی اڈہ بحر احمر کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا‘۔
وہ مصر کے سمندری اور فضائی فوجی اڈے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر اعلیٰ سطح کے ایک وفد کے ساتھ مصری فوجی اڈے کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ سعودی افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی ہمراہ تھے۔
نائب وزیر دفاع نے توجہ دلائی کہ ’برنیس فوجی اڈہ مصر کی عسکری طاقت کا روشن نشان ہے۔ اس کی بدولت عالمی جہاز رانی کو تحفظ حاصل ہوگا اور بحر احمر کے دائرے میں رونما ہونے والے خطرات کا مقابلہ کیا جاسکے گا‘۔
سعودی وفد نے ایئر شو اور نئے فوجی اڈے میں فوجی مشقیں بھی دیکھیں۔ طیارہ بردار جہاز اور فوجی مشقوں کا بھی معائنہ کیا۔
مصری فوجی اڈے کی تقریب میں متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد بن زاید، بحرینی رائل گارڈز کے کمانڈر شیخ ناصر بن حمد آل خلیفہ، بلغاریہ کے وزیراعظم اور متعدد برادر اور دوست ممالک کے وزراء اور افواج کے اعلیٰ کمانڈر بھی شریک ہوئے۔