شہزادہ خالد بن سلمان کی ٹرمپ اور دیگر حکام سے ملاقات
شہزادہ خالد بن سلمان کی ٹرمپ اور دیگر حکام سے ملاقات
منگل 7 جنوری 2020 20:33
شہزادہ خالد نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک پیغام امریکی صدر کو پیش کیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک پیغام امریکی صدر کو پیش کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تعاون اور مشترکہ جد و جہد سے متعلق ہم آہنگی کے طور طریقوں پر غور و خوض کیا گیا ہے‘۔
الشرق الاوسط کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے تحریر کیا کہ ’ولی عہد کی ہدایت پر میں نے امریکی صدر سے ملاقات کی ہے۔ انہیں شہزادہ محمد بن سلمان کا پیغام پیش کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے ساتھ باہمی تعاون کے طور طریقوں اور یکجہتی کی حکمت عملی نیز مختلف شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکہ جد و جہد پر غور و خوض کیا۔ اس سلسلے میں علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ مساعی بھی زیر بحث آئیں۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مشترکہ چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے اپنے ٹویٹ میں تحریر کیا کہ ’میں نے آج امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے۔ ہم نے اس موقع پر مشترکہ چیلنجوں پر گفت و شنید کی اورعالمی امن و سلامتی کے مفاد میں موجود فوجی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا‘۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’خطے کے حالات حاضرہ کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی و بین الاقوامی سطحوں پر امن و سلامتی و استحکام کے تحفظ کے لیے ممکنہ اقدامات زیر بحث آئے‘۔
امریکی وزیر خارجہ نے شہزادہ خالد بن سلمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’خطے کے استحکام کو متزلزل کرنے والے ایرانی رویئے سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تعلقات بیحد اہمیت رکھتے ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے برطانوی وزیر دفاع بین ویلس، قومی سلامتی کے نائب مشیر اور برطانوی وزیرا عظم کے مشیر برائے عالمی امور سے ملاقات کر کے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان دفاعی شراکت کو مضبوط بنانے نیز علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے اس حوالے سے ٹویٹ میں کہا کہ ’ملاقات کے دوران دونوں دوست ملکوں میں اسٹراٹیجک شراکت پر غور و خوض کیا گیا۔ خاص طور پر دفاع کے شعبے میں تعلقات زیر بحث آئے۔ علاوہ ازیں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علاقائی اور بین الاقوامی مساعی کا جائزہ لیا گیا۔ خطے کو درپیش نمایاں چیلنجوں پر بھی گفتگو ہوئی۔