Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی سوڈان کو 120 کروڑ ڈالر کی مالی مدد

سوڈان کو مالی امداد دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سوڈان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے امداد دینے والے ممالک میں بھی سعودی عرب سر فہرست ہے۔ پسماندہ خطوں، معاشی مسائل سے دوچار عرب اورمسلمان ممالک کی مالی امداد میں سعودی عرب کی خدمات ڈھکی چھپی نہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینیٹری ایکشن کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبد اللہ بن عبد العزیز الربیعہ نے بتایاکہ سعودی عرب اور برادر ملک سوڈان کے مابین مضبوط تاریخی روابط ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی عرب سوڈان اور اس کے عوام کی حمایت و مدد کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

سعودی عرب سوڈان کے عوام کی حمایت و مدد کو اولین ترجیح دیتا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

2019ء کے آخر تک سعودی عرب کی طرف سے سوڈان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی امداد دی گئی۔ سعودی عرب نے ماضی میں بھی سوڈان کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کی۔ سعودی عرب سوڈان کو مالی امداد دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔

سوڈان میں دو طبی کیمپوں کے علاوہ دیگر کیمپ لگانے کا پروگرام ہے۔(فوٹو واس)

ڈاکٹر الربیعہ نے ان خیالات کا اظہار برطانیہ کی میزبانی میں سوڈان کی مالی امداد سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب میں کیا۔ لندن میں ہونے والے اس اجلاس میں برطانیہ، سعودی عرب، سویڈن اور اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی حقوق 'اوچا' کے مندوبین شریک تھے۔
الربیعہ نے برادر ملک سوڈان میں انسانی صورتحال کے بارے میں بین الاقوامی ردعمل کے طریقہ کار کا مطالعہ کرنے اور اس میں پیش آنے والے نازک اور مشکل حالات کی روشنی میں 2020 کے لیے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر مالی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی عرب سوڈان کے چیلنجوں سے آگاہ ہے(فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب برطانیہ اور سویڈن کی طرف سے سوڈان کی امداد سے متعلق کوششوں کو سراہتا ہے۔
اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امدادی کوآرڈینیٹر مارک لوکوک نے سوڈان کی مالی امداد سے متعلق ایسا میکنزم اختیار کرنے کی تجویز پیش کی جس کے ذریعے سوڈان کے عام شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ان کی مدد کی جاسکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ سعودی عرب سوڈان کے عوام کو درپیش معاشی ، انسانی ماحولیاتی اور صحت سے متعلق چیلنجوں سے آگاہ ہے۔21 اپریل 2019ءکو سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر سوڈان کو تین ارب ڈالر کی امداد فراہم کی۔
اس میں 50 کروڑ ڈالر کی رقم سوڈان کے مرکزی بینک میں رکھی گئی تاکہ سوڈان کی کرنسی کو استحکام مل سکے۔
الربیعہ نے بتایا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے 2020 کے منصوبے میں سوڈان میں دو طبی کیمپوں کے علاوہ دیگر کیمپ لگانے کا پروگرام بنایا ہے۔ سعودی عرب کے تعاون سے سوڈان میں لگانے والے طبی کیمپوں کے لیے 15 لاکھ ڈالر رکھے گئے ہیں۔ میڈیکل کیمپوں میں نابینا پن کی روک تھام، دل کے آپریشن اور دیگر امراض کا علاج کیا جائیگا۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: