Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثنا میر ڈراپ، کپتانی بسمہ معروف کے سپرد

ٹیم کا انتخاب کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کی کپتانی کے لیے آل راؤنڈر ثنا میر کی جگہ بسمہ معروف کا انتخاب کیا گیا ہے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے پیر کو 15 رکنی قومی خواتین کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کا انتخاب انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
بسمہ معروف نے ٹیم کی سابق کپتان اور آل راؤنڈر ثناء میر کے بارے میں کہا کہ ان کو ٹی ٹونٹی میچز کے  لیے ڈراپ کرنا ایک مشکل  فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسکواڈ میں ثناء میر کی شمولیت کی خواہشمند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اوران میں  طویل مشاورت ہوئی۔

 

ناہیدہ خان، رامین شمیم اورعائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹی ٹونٹی کے میچز 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلے جائیں گے۔ ٹیم میچز میں شرکت کے لیے31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہو گی۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی۔
روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30  جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں جاری رہے گا۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی، دوسرا 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کےخلاف میدان میں اترے گی۔

شیئر: