Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کورنیش کے باتھ روم استعمال کرنے کی فیس 7 ریال

جدہ کا ساحل بہترین تفریح گاہ ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد آتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
جدہ کورنیش پر بنے باتھ روم استعمال کرنے کے لیے فیس مقرر کر دی گئی ہے۔ بلدیہ کے ترجمان کے مطابق اسمارٹ باتھ روم کے لیے 7 ریال جبکہ روایتی ' بیت الخلاء ' کے لیے 3 ریال فی شخص مقرر کیے ہیں۔
مقامی روزنامے ' المدینہ ' کے مطابق بلدیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جدہ کے ساحل پر بنائے گئے باتھ روم کا کنٹریکٹ دینے کے لیے ٹینڈرز بھی طلب کیے جائیں گے۔

کورنیش پر 10 روایتی جبکہ 8 سمارٹ باتھ رومز موجود ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

بلدیہ کے ترجمان 'محمد البقمی' نے مزید کہا کہ ساحل جدہ کی بہترین تفریح گاہ ہے یہاں روزانہ ہزاروں افراد آتے ہیں ان کی ضروریات کے لیے بلدیہ کی جانب سے بیت الخلاء تعمیر کیے گئے ہیں۔ ساحل کے مختلف مقامات پر 10 روایتی جبکہ 8 سمارٹ بیت الخلاء موجود ہیں۔
سمارٹ بیت الخلا ء میں داخلے کے لیے پری پیڈ کارڈ حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ پری پیڈ کارڈ مختلف قیمتوں کا ہوتا ہے تاہم اس کے کریڈیٹ میں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔ 
سمارٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے بیت الخلاء کے مخصوص دروازے کو کھولا جاسکتا ہے۔ باتھ روم میں داخل ہونے اور نکلنے کے دروازے بھی جدا جدا بنائے گئے ہیں۔ سمارٹ بیت الخلاء میں گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت کے علاوہ ہاتھ خشک کرنے کے لیے ' ایئر بلوورز‘ کا بھی خصوصی انتظام موجود ہے۔ 

 پری پیڈ کارڈ کے کریڈیٹ میں اضافہ کیاجاسکتا ہے ( فوٹو: عکاظ)   

دوسری جانب ساحل پر تفریح کے لیے آنے والوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے روایتی باتھ رومز کو بھی نجی اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جس سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بعض افراد نے بلدیہ کی جانب سے اس بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بہتر اقدام ہے اس سے کم از کم صاف ستھرے باتھ رومز ملیں گے جس سے کافی سہولت ہوگی۔ 
اس حوالے سے بلدیہ کے ایک ذمہ دار کا کہنا تھا کہ باتھ رومز کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھنے کے لیے کل وقتی کارکنوں کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے انہیں نجی کمپنی کو دینا معاملے کا بہتر حل ہے۔

شیئر: