اردو نیوز اور پشاور زلمی کی ڈیجیٹل میڈیا پارٹنرشپ
میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پاکستان سپر لیگ کی نمبر ون فرنچائز پشاور زلمی نے پی ایس ایل سیزن فائیو سے قبل مداحوں کا جوش و خروش مزید بڑھاتے ہوئے اردو نیوز کو اپنا ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اردو نیوز سعودی عرب، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سب سے بڑے میڈیا گروپ سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ کی ایک پبلی کیشن ہے۔
اردو نیوز نے حال ہی میں ایک نئے روپ کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیمز پر اپنی سروس کا آغاز کیا جسے پاکستان کے علاوہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
پشاور زلمی کی اردو نیوز کے ساتھ پارٹنرشپ کے موقعے پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے پی ایس ایل فائیو کے آغاز کا وقت قریب آرہا ہے فینز سمیت کرکٹرز اور فرنچائزز کا بھی جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔
پشاور زلمی اور اردو نیوز کے درمیان پارٹنرشپ تمام کرکٹ فینز کی دلچسپی کو بڑھائے گا اور اردو نیوز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر انہیں پشاور زلمی کے بارے میں خاص خبریں اور خصوصی ویڈیوز دیکھنے کو ملیں گی۔
پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ اس بار تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب کراچی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔