یو اے ای کا پشاور زلمی کو ’بیسٹ آف لک‘
حماد الزابی نے پشاور زلمی کی شرٹ کے ساتھ اپنی تصاویر بھی شیئر کیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد الزابی نے پشاور زلمی کی جیکٹ پہن کر پشاور زلمی کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انگریزی، اردو اور عربی میں تین الگ الگ ٹویٹس کی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں اپنے پیارے دوست جاوید آفریدی کی ٙٹیم پشاور زلمی کو پی ایس ایل فائیو کے لیے بیسٹ آف لک کا پیغام دیتا ہوں اور پشاور زلمی کا پہلا میچ دیکھنے گراونڈ بھی آؤں گا۔‘
انہوں نے جاوید آفریدی کی طرف سے بھجوائے جانے والے تحائف پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے حماد الزابی کو ایک ٹویٹ کے ذریعے میچ کے لیے آنے کی دعوت دی تھی اور ٹیم شرٹ سمیت تحائف بھی بھجوائے تھے۔
حماد الزابی نے پشاور زلمی کی شرٹ کے ساتھ اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔
قبل ازیں 22 جنوری کو پاکستان آنے والے انڈین اداکار، گلوکار، پروڈیوسر و ہدایت کار گپی گریوال نے بھی لاہور میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی سے ملاقات کی تھی۔
جاوید آفریدی نے ان کو ٹیم زلمی کے آٹوگراف والا بیٹ پیش کیا تھا۔
جس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے گپی گریوال نے کہا تھا ’پاکستان کی مہمان نوازی نے ان کا دل جیت لیا ہے۔‘ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ’گپی گریوال کے ساتھ ان کی اچھی ملاقات رہی۔ گپی گریوال پاکستان میں مہمان نوازی پر خوش ہیں، کھلاڑی اور فنکار ممالک کو قریب لاتے ہیں۔ امید ہے مشتقبل میں مزید انڈین اور پاکستانی فنکار ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے۔‘