پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سپینش سفیر مینول ڈوران گیمینز کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پی ایس ایل فائیو شروع ہونے سے کافی روز قبل ہی پشاور زلمی بدستور غیر ملکی سفیروں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ ترکی، جرمنی کے بعد سپین کے سفیر نے بھی پشاور زلمی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پی ایس ایل کی نمبرون فرنچائز پشاور زلمی پاکستان میں غیر ملکی سفیروں کی توجہ کا مرکز ہے۔ ترکی اور جرمنی کے بعد پاکستان میں سپین کے سفیر مینول ڈوران گیمینز نے پشاور زلمی کی جیکٹ کے ساتھ تصویر بنا کر ٹیم زلمی کو نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔
مینول ڈوران گیمینز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کا پاکستان میں انعقاد خوش کن ہے اور پاکستان کے شائقین کرکٹ یقینی طور پر اس سے محظوظ ہوں گے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سپین کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پی ایس ایل میچز دیکھنے کی دعوت دی ہے۔
جرمن سفیر برنارڈ شلاگلہک نے پی ایس ایل فائیو کے لیے ٹیم پشاور زلمی کو خیرسگالی پیغام اور زلمی جیکٹ میں تصویر ٹویٹ کی تھی۔
جرمن سفیر نے ٹویٹ میں تحریر کیا ’کرکٹ اور پی ایس ایل کے حوالے سے جوش بڑھ رہا ہے، تو پھر کب سے پاکستان سپر لیگ شروع ہورہی ہے؟‘
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے جرمن سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی ایس ایل فائیو کے پورے سیزن کا پاکستان میں انعقاد تاریخی ہوگا، آپ بھی پی ایس ایل میچز دیکھنے ضرور آئیں۔
اسی طرح پاکستان آنے والے انڈین ادکار و گلودار گپی گریوال نے بھی جاوید آفریدی سے ملاقات کی تھی۔
جاوید آفریدی نے ان کو ٹیم زلمی کے آٹوگراف والا بیٹ پیش کیا۔
جس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے گپی گریوال نے کہا تھا ’پاکستان کی مہمان نوازی نے ان کا دل جیت لیا ہے
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ اس بار تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب کراچی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔