شاہ سلمان امدادی مرکز کے اہلکاروں نے اشیاء تقسیم کیں (فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے کشمیری خاندانوں میں امدادی اشیا تقسیم کرنے کی مہم جاری ہے۔ موسم سرما کے دوران اہم ضرورت کی اشیا کے 445 پیکٹس تقسیم کیے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ' ایس پی اے ' کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میرپور میں شاہ سلمان امدادی سینٹر کی جانب سے جاری مہم کے دوران تقسیم کیے جانے والی اشیا میں کمبل، گرم چادریں، لحاف اور اشیائے خور و نوش شامل ہیں۔
خاندان کے افراد کی تعداد کے مطابق انہیں اشیا فراہم کی گئیں جس سے 2 ہزار 225 افراد مستفیض ہوں گے۔ اس حوالے سے متاثرہ کشمیریوں کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے امدادی اشیاء کی تقسیم ایسے موقع پر کی گئی ہے جب موسم انتہائی سرد ہے ایسے میں گرم کمبلوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔‘
واضح رہے کہ شاہ سلمان امدادی سینٹر کی جانب سے کشمیر کے علاوہ یمن کے متاثرین میں بھی امدادی پیکٹس کی تقسیم کا کام جاری ہے ۔ اس ضمن میں صنعا کمشنری میں تین ہزار سے زائد افراد میں 335 پیکٹس تقسیم کیے گئے۔