جاکرتا میں وزیر صنعت کی کان کنی کمپنی کے سربراہوں سے ملاقات
’یہ معدنیات صاف توانائی کی طرف منتقلی کے عمل میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں‘ ( فوٹو: واس)
وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر بن ابراہیم الخریف نے انڈونیشیا کی بڑی کان کنی کمپنیوں کے سربراہوں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر صنعت بندر بن ابراہیم الخریف نے انڈونیشی کمپنیوں کے سربراہوں ساتھ کان کنی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور اسٹریٹجک معدنیات کے میدان میں تجربات کے تبادلے پر بات چیت کی ہے۔
یہ معدنیات دنیا میں صاف توانائی کی طرف منتقلی کے عمل میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔
ان ملاقاتوں میں کان کنی کے شعبے میں جدید اور پائیدار طریقوں اور اہم معدنیات جیسے نکل، کوبالٹ اور تانبا کی پیداوار و پراسیسنگ میں باہمی مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ کان کنی اور معدنیات کے شعبے کی ترقی میں ٹیکنالوجی اور اختراع کا کلیدی کردار ہے تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا اسٹریٹجک معدنیات کی پیداوار میں دنیا کے صفِ اول کے ممالک میں شمار ہوتا ہے، جن میں نکل، کوبالٹ اور تانبا شامل ہیں۔
انڈونیشیا غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کا خواہاں ہے تاکہ صنعتی شعبے کو ترقی دی جا سکے اور توانائی کے انتقال کے لئے اہم معدنیات کی فراہمی کو مضبوط بنایا جا سکے۔