کرونا سے بچائو کے لیے عالمی سطح پر حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔فوٹو، شرق الاوسط
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب تک 'کرونا وائرس ' کے کسی مریض کا انکشاف نہیں ہوا ۔ وزارت کی جانب سے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
مملکت کے تمام ہوائی اڈوںاور بری سرحدی چوکیوں پر وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجارہا ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ چین میں پھوٹنے والے وبائی مرض کرونا سے بچائو کے لیے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی جاچکی ہیں۔ وزارت کی جانب سے تمام ہوائی اڈوں پر اضافی عملہ بھی متعین کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں پرچین سے براہ راست آنے والی 3195 مسافروں کا طبی معائنہ کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر ممالک سے ہوتے ہوئے آنے والی 1119 پروازوں کے مسافرو ں کا بھی معائنہ کیا گیا ہے جن کے مسافر چین سے براہ راست نہیں آئے تھے بلکہ دیگر ممالک سے ہوتے ہوئے مملکت پہنچے تھے۔
واضح رہے چین میں پھوٹنے والے وبائی مرض سے بچائو کے لیے عالمی سطح پر ہر ملک احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہے تاکہ مہلک وباء مزید نہ پھیلے۔
اطلاعات کے مطابق چین سے آنے والے تجارتی سامان کی بھی انتہائی باریک بینی سے پڑتا ل کی جاتی ہے۔