فردوش عاشق اعوان نے کہا کہ عرب نیوز مشرق وسطیٰ کی خبروں کا اہم ذریعہ ہے (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے سینیئر سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مذہبی، معاشی اور ثقافتی اقدار ایک ہیں اور عرب نیوز پاکستان مقامی میڈیا کے لیے بھی قابلِ تقلید ہے۔‘
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عرب نیوز پاکستان کی دوسری سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک قوم ہیں جو دو مختلف جغرافیائی مقامات پر رہ رہی ہیں۔‘
عرب نیوز پاکستان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں اس کی موجودگی متاثرکن ہے کیونکہ مقامی میڈیا اس کے طریقوں سے سیکھ سکتا ہے۔‘
تقریب میں پاکستان کی کابینہ کے وزرا، سیاست دان، سفارت کار اور سینیئر صحافی اور اینکرپرسنز بھی موجود تھے، جنہوں نے مشکل وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دینے پرسعودی عرب کو سراہا۔ انہوں نے عرب نیوز کے پاکستان ایڈیشن کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’یہ مشرقِ وسطیٰ کا نقطہ نظر بہترین انداز میں پاکستان تک پہنچاتا ہے۔‘
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان کے گذشتہ سال فروری میں پاکستان کے دورے کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ گئے۔‘
’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارت اور ثقافتی تعلقات مزید بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عرب نیوز مشرق وسطیٰ کا معروف انگریزی خبر رساں ذریعہ ہے۔‘
’مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ عرب نیوز میں خواتین کو بااختیار بنایا گیا ہے اور ادارے میں خواتین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔‘
تقریب کے دوران عرب نیوز جنوب اور مشرقی ایشیا کے بیورو چیف بکر عطیانی نے کہا کہ ’ پاکستان میں خبروں کے رجحان میں تبدیلی آئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان سے متعلق خبروں پر برسوں سے کام کر رہا ہوں اور دہشت گردی پر خبریں سب سے اہم یا اکثر صرف یہی خبریں ہوتی ہیں۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں