’چین سے آنے والی انڈین بہنیں کرونا سے پاک ہیں‘
’طبی معائنے کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ وہ دونوں صحت مند ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کرونا وائرس کے شبہ میں جن دو انڈین بہنوں کو علیحدہ رکھا گیا تھا وہ وائرس سے پاک نکلیں‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’لیبارٹری ٹیسٹ اور طبی معائنے کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ وہ دونوں صحت مند ہیں۔ انہیں قرنطینہ سے نکالا گیا ہے‘۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے 3 فروری کو چین سے سعودی عرب آنے والی دو انڈین بہنوں کو کورونا وائرس کے شبے میں حفاظتی اقدامات کے تحت علیحدہ رکھا تھا۔
وزارت نے کہا تھا کہ ’مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عارضی طور پران خواتین سے کسی کی ملاقات کرانا ممکن نہیں‘۔
دونوں انڈین بہنیں چین سے دمام پہنچی تھیں۔ ہوائی اڈے پر متعین وزارت صحت کے اہلکاروں نے چین سے آنے والی دونوں انڈین خواتین کی ہسٹری چیک کر کے انہیں حفاظتی اقدامات کے پیش نظرعلیحدہ رکھا تھا۔