کورونا کے متعلق افواہ پھیلانے کی سزا کم از کم چھ ماہ قید اور ڈیڑھ لاکھ درہم جرمانہ ہے (فوٹو :اے ایف پی)
دبئی پولیس کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ’ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق پبلک مقامات پر کسی بھی طرح کا کوئی مذاق یا افواہ پھیلانا اور غلط اطلاعات پر مشتمل وڈیو جاری کرنا جرم ہے۔ جو شخص بھی اس کا مرتکب ہوگا اس سے باز پرس ہوگی‘۔
الامارات الیوم کے مطابق’ سوشل میڈیا پر کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہ پھیلانا انسداد انفارمیشن ٹیکنالوجی کرائمز قانون کے بموجب جرم ہے‘۔
یادرہے کہ کئی ممالک میں مذاق کے طور پر کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی فرضی وڈیوز وائرل ہیں۔ جن سے عوام میں خوف و ہراس ہے۔
متحدہ عرب امارات کے قانون کےمطابق اس کی سزا کم از کم چھ ماہ قید اور ڈیڑھ لاکھ درہم جرمانہ ہے۔ زیادہ سے زیادہ پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔ دونوں سزاﺅں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی پولیس نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو انتباہ کیا ’وہ سوشل میڈیا پر ایسا کوئی وڈیو کلپ پھیلانے کی جسارت نہ کریں جس میں دعویٰ کیاجارہا ہو کہ ملک میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے۔‘
’عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور امن و عامہ کو مکدر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کرونا وائرس کے فرضی وڈیو کلپ اور خود ساختہ اطلاعات پر قید اور جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی‘۔