Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم ’دنیائے کرکٹ کے نئے بادشاہ‘

بابر اعظم 26 ٹیسٹ میچز میں 1850 رنز بنا چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے۔ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے سٹار بیٹسمین اور قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین رینکنک حاصل کرتے ہوئے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بابر اعظم جن کا شمار اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے، پاکستان کے ایسے پہلے بلے باز ہیں، جو ایک ہی وقت میں تینوں فارمیٹس میں ٹاپ پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

 

بابر اعظم ون ڈے رینکنگ میں تیسرے جبکہ ٹی20 کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ ٹیم میں پہلے پانچ بلے بازوں میں شامل ہونے کے لیے بابر اعظم کو 33 پوائنٹس درکار تھے جو اُنھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 143 رنز بنا کر حاصل کر لیے۔ اب ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کے ریٹنگ پوائنٹس 800 ہیں جو کہ ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین ریٹنگ ہے۔
یکم جنوری 2019 کے بعد سے بابر اعظم کی ون ڈے کی بیٹنگ اوسط 60.66 فیصد اور ٹیسٹ بیٹنگ اوسط رینکنگ 75.90 فیصد رہی ہے جبکہ دوسری جانب یکم جنوری 2018 سے ان کی ٹی20 بیٹنگ اوسط 52.78 فیصد رہی ہے۔
بابر اعظم نے اب تک 26 ٹیسٹ میچز کھیل کر 1850 رنز، 74 ون ڈے میچز میں 3359 رنز اور 38 ٹی20 میچز کھیل کر 1471 رنز بنائے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے رینکنگ جاری ہونے کے بعد بابر اعظم ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ ’کِرک انفو‘ نے بابر اعظم کو ’کرکٹ کا نیا بادشاہ‘ قرار دیا ہے۔ 

ٹوئٹر صارف فیصل خان نے بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’شائقین ہمیشہ بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھنے آتے ہیں اور بابر اُنہیں کبھی مایوس نہیں کرتے۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف احمر نجیب نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بابر کے کھیل میں بہتری آتی جا رہی ہے، چاہے بات ہو اُن کی رینکنگ کی یا پھر اُن کے ریکارڈ کی۔‘
 ثنا ملک نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’بابر اعظم ایک چیمپئن ہیں، جو 800 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف ایم احمد نے لکھا کہ ’ایک دن آئے گا جب ٹی20 کنگ ٹیسٹ کنگ بنے گا۔‘

 

شیئر: