Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20: پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے دو ٹی20 جیت کر پاکستان سیریز اپنے نام کر چکا ہے، فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا ہے۔
تیسرے میچ کی منسوخی کے باوجود پاکستان نے ٹی20 سیریز 2-0 سے اپنے نام کر کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی20 رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے قذافی سٹیٹیم لاہور میں شروع ہونا تھا تاہم پیر کے روز میچ کے آغاز  سے قبل ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہوسکا۔
بارش کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے تھما تو پچ سے کورز ہٹا دیے گئے اور گراونڈ خشک کرنے کا آغاز ہوا لیکن موسم نے شائقین کرکٹ کے امیدوں پر اس وقت پانی پھیر دیا جب ایک بار پھر سٹیڈیم پر چھائے بادل برسنے لگے۔ اس کے بعد امپائرز کو میچ منسوخ کرنا پڑا۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 5 جبکہ دوسرے میچ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگ میں پاکستان اس وقت 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے اور اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز میں بنگلہ دیش کے خلاف تمام میچز جیتنا ضروری تھے۔
پاکستان کے دورے پر آئی بنگلہ دیش کی ٹیم منگل کو وطن روانہ ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20، ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز تین مرحلوں پر مشتمل ہے جس کا پہلا مرحلہ آج اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 7 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ون ڈے میچ 3 اپریل جبکہ 5 اپریل کو ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسرے میچ کی منسوخی کے بعد اعلان کیا ہے کہ اس میچ کے ٹکٹس ریفنڈ کر دیے جائیں گے۔ پی سی پی نے شائقین سے کہا ہے کہ انہوں نے جہاں سے ٹکٹیں خریدیں وہاں سے پیسے واپس لے سکیں گے۔

شیئر: