Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیس نے بنگالی ملازم کی شادی کرا دی

علاقے کے پولیس اہلکاروں نے تقریب میں بھرپورشرکت کی (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے شہر عسیرمیں پولیس اہلکاروں نے ہسپتال میں کام کرنے والے بنگلہ دیشی کی شادی کے مکمل اخراجات ہی برداشت نہیں کیے بلکہ تقریب میں بھی بھرپور شرکت کی اور جوڑے کے لیے گھر کا بھی انتظام کیا۔ شادی کی تقریب بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی۔
دلہا کو عربی لباس ’ثوب، غترہ اور مشلح‘ خصوصی طور پر پہنایا گیا جو سعودی عرب میں شادی کے موقع پر دلہا کے لیے لازم ہے۔

بنگلہ دیشی دلہا کو روایتی لباس بھی فراہم کیا گیا تھا (فوٹو: اخبار24)

مقامی ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق محمد یاسین نامی بنگلہ دیشی کافی عرصے سے عیسر جنرل ہسپتال میں ملازم ہے ۔ دلہن بھی اسی ہسپتال میں کام کرتی ہے۔
محمد یاسین نے ہسپتال میں کام کرنے والی اپنی ہم وطن سے شادی کی درخواست کی جو قبول کر لی گئی۔ دلہا نے شادی کا ذکر ہسپتال میں موجود پولیس ڈیسک کے ذمہ دار سے کیا جنہوں نے اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے شادی کے انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب کے تمام اخراجات پولیس اہلکاروں نے برداشت کیے (فوٹو: اخبار 24)

اخبار کا کہنا ہے کہ ’محمد یاسین کی شادی عیسر ریجن کے پولیس اہلکاروں نے دھوم دھام سے کی۔ تقریب میں علاقے کے تھانے کے تمام ہی اہلکاروں نے پھرپور شرکت کی۔‘
تقریب میں شریک اور منتظمین پولیس اہلکاروں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی روایات کے مطابق شادی میں روایتی رقص بھی کیا۔
پولیس اہلکاروں نے نہ صرف شادی کے اخراجات برداشت کیے بلکہ جوڑے کے لیے تیار کیے گئے گھر میں ضرورت کی اشیا بھی فراہم کیں۔

پولیس اہلکاروں نے تقریب میں علاقائی رقص بھی پیش کیا (فوٹو: اخبار 24)

پولیس اہلکارکا کہنا تھا کہ ’محمد یاسین کافی عرصے سے ہسپتال میں خدمات انجام دے رہا ہے، وہ ایک بااخلاق اور ملنسار انسان ہے۔‘
ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ ’یاسین کی شادی کی تقریب ایک یادگار تقریب تھی۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم ایک جوڑے کا گھر بسانے کا سبب بن گئے۔‘                                                                   

شیئر: