پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے بھی ممکنہ طور پر مارچ میں ہونے والے جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے دورے کو از سر نو ترتیب دینے کی تصدیق کی ہے۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے مارچ کے آخری ہفتے میں تین ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔
پی سی بی نے جنوبی افریقہ کو تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلنے کی تجویز دی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دونوں بورڈز کے درمیان دورے کو نئے سرے سے ترتیب دینے کے لیے جلد ملاقات ہوگی۔‘
پی سی بی حکام کے مطابق ’کھلاڑیوں کے مصروف شیڈول کی وجہ سے جنوبی افریقین ٹیم اگلے ماہ نہیں آسکتی لیکن دونوں کرکٹ بورڈ کوشش کر رہے ہیں کہ رواں سال کے اختتام سے قبل کسی بھی وقت سیریز کا انعقاد ہو جائے۔‘
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 12 مارچ سے 18 مارچ تک تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے انڈیا کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دورے کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کو مختصر سیریز کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے 18 مارچ سے انڈیا کے دورے کے اختتام کے بعد پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم پاکستان سپر لیگ کے باعث جنوبی افریقن ٹیم کو پاکستان دورے کے شیڈول طے کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ حکام کو پاکستان سپر لیگ کے اختتام تک متحدہ عرب امارات میں کیمپ لگانے کی تجویز بھی سامنے آئے تھی۔
واضح رہے کہ 20 فروری سے آغاز ہونے والا پاکستان سپر لیگ 22 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔