عمران خان بھی پشاور زلمی کے معترف
پشاور زلمی ایک مرتبہ پی ایس ایل کی فاتح جب کہ دو مرتبہ رنر اپ رہی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کردار کو سراہا ہے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی۔
اس موقعے پر عمران خان نے پی ایس ایل سیزن فائیو کے پاکستان میں انعقاد کو تاریخی موقع قرار دیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیل میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے پاکستانی میدانوں میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آنے پر پی ایس ایل کے کردار کو اہم قرار دیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی سپورٹس پالیسی پر توجہ ہے، اس سلسلے میں جلد اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
جنوبی افریقن سٹار بلے باز ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے وابستہ ہونا بھی ملاقات میں زیر بحث آیا۔ وزیراعظم نے اس پیشرفت پر خوشی کا اظہار کیا۔
چند روز قبل پشاور زلمی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ہاشم آملہ پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور ہوں گے۔