پاکستان سپر لیگ 2020 میں مختلف فرنچائز ٹیموں نے ابتدائی ڈرافٹ میں منتخب کیے گئے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے بعد متبادل کھلاڑی منتخب کیے ہیں۔
ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں چنے گئے کھلاڑی 20 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل فائیو میں اپنی ٹیموں کو تمام یا چند میچوں میں دستیاب ہوں گے۔
لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے پشاور زلمی اور کراچی کنگز نے دو دو جب کہ لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز نے ایک ایک متبادل کرکٹر کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ٹی20: پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرارNode ID: 455471
-
عمران خان بھی پشاور زلمی کے معترفNode ID: 456296
-
عمر اکمل کا نیا تنازع: ’بتاؤ چربی کہاں ہے‘Node ID: 456696
کراچی کنگز نے ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں چنے گئے دونوں کھلاڑیوں کو مکمل ایڈیشن کے لیے سکواڈ میں شامل کیا تاہم پشاور زلمی کی ایک پک مکمل ایڈیشن اور دوسری جزوقتی طور پر سکواڈ کا حصہ ہوگی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے مکمل ایڈیشن کے لیے ایک ایک جب کہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ وقت تک کے لیے ایک ایک متبادل کرکٹر کا انتخاب کیا ہے۔
ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے مکمل ایڈیشن کے لیے لیام پلنکٹ (گولڈ، سپلیمنٹری) کی جگہ نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگن (گولڈ) اور انگلینڈ کے ڈین لارنس (سلور) کی جگہ ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن (سلور) کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
لیام پلنکٹ انجری اور ڈین لارنس نیشنل ڈیوٹی کے باعث کراچی کنگز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ مچل میکلینگن گذشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز جب کہ چیڈوک والٹن ایڈیشن 2018 اور 2019 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
پشاور زلمی نے جنوبی افریقہ کے ڈوائن پریٹوریئس (سلور) کی جگہ انگلینڈ کے لوئس گریگری (سلور) کو مکمل ایڈیشن کے لیے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ڈوائن پریٹوریئس بھی نیشنل ڈیوٹی کے باعث پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گی۔
ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے باعث آل راؤنڈر کیرن پولارڈ (پلاٹینم) سات مارچ تک پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے لہٰذا پشاور زلمی نے پولارڈ کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ (ڈائمنڈ) کو جزوی طور پر سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ کارلوس بریتھ ویٹ گذشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اسی طرح نیشنل ڈیوٹی کے باعث ویسٹ انڈیز کے فابیئن ایلن (سلور)بھی مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتان سلطانز کو دستیاب نہیں ہوں گی۔ فابیئن ایلن کی جگہ انگلینڈ کے وائن میڈسن (سلور) مقررہ وقت تک ملتان سلطانز کا حصہ ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز (ڈائمنڈ، سپلیمنٹری) نجی وجوہات کے باعث ایونٹ میں شرکت نہیں کر رہے لہٰذا ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے ڈین ولاز (گولڈ) مکمل ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے وان دیر دوسن (گولڈ، سپلیمنٹری) کی جگہ انگلینڈ کے بلے باز ڈیوڈ ملان (سلور) کو مکمل ایڈیشن کے لیے سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ وان دیر دوسن نیشنل ڈیوٹی کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔ ڈیوڈ ملان نے گذشتہ چار ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیشنل ڈیوٹی کے باعث سات مارچ تک عدم دستیاب کیمو پاؤل (سلور، سپلیمنٹری) کی جگہ سدرن پنجاب کے لیگ سپنرزاہد محمود (سلور) کو جزوی طور پر سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جب کہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جب کہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں